کے سی آر کے فارم ہاؤز تک محدود ہوجانے پر کے ٹی آر، ہریش راؤ، کویتا سرگرم، کیڈر الجھن کا شکار
حیدرآباد ۔ 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر کے فارم ہاؤز تک محدود ہوجانے کے بعد ان کے خاندان کے تین ارکان پارٹی میں اپنی بالادستی کیلئے ایک دوسرے سے مسابقت کررہے ہیں۔ شراب اسکام میں گرفتار ہوکر حال میں جیل سے رہا ہونے والی بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا حالیہ دنوں میں بہت زیادہ سرگرم ہوگئی ہیں۔ پارٹی کے سربراہ کے سی آر نے اپنے فرزند کے ٹی آر کو پارٹی کا ورکنگ پریسیڈنٹ بناتے ہوئے پارٹی کیڈر کو یہ پیغام دیا ہیکہ کے ٹی آر ان کے جانشین ہوں گے۔ بی آر ایس کے دورحکومت میں کے ٹی آر نے ایکٹنگ چیف منسٹر کی حیثیت سے کام کیا تھا۔ سرمایہ کاروں سے ملاقات بیرونی ممالک کے دورہ بھی کئے تھے، لیکن پارٹی کے بانی ارکان میں شامل رہنے والے ہریش راؤ کو پارٹی میں ٹربل شوٹر کا اعزاز ہے۔ اس طرح بی آر ایس پارٹی میں ان تینوں قائدین کا اپنا مقام ہے اور تینوں قائدین کے علحدہ گروپس ہیں اور خود ان کا اپنا کیڈر بھی ہے۔ اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے میں کے ٹی آر اور ہریش راؤ پیش پیش رہ رہے ہیں۔ عوامی مسائل اور حکومت کی پالیسیوں پر فوری ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔ مصیبت کے موقع پر پارٹی قائدین اور کارکنوں کے درمیان پہنچ رہے ہیں۔ پولیس سے الجھ رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں کے ٹی آر اور ہریش راؤ بہت زیادہ سرگرم ہوگئے۔ تلنگانہ بھون پہنچ کر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے ہیں اور سوشل میڈیا میں ردعمل کا اظہار کررہے ہیں جس سے بی آر ایس پارٹی کے قائدین الجھن کا شکار ہورہے ہیں۔ کے ٹی آر کے ساتھ رہنے پر انہیں کے ٹی آر گروپ اور ہریش راؤ کے ساتھ رہنے پر ہریش راؤ کے گروپ سے جوڑ کر دیکھا جارہا ہے۔ دوسری جانب کویتا پارٹی میں رہتے ہوئے اپنی جاگرتی تنظیم کو مستحکم کرنے پر ساری توجہ دے رہی ہے۔2