پارٹی کی سلور جوبلی تقریب ، حکومت کی ناکامیوں کے خلاف مستقبل کی حکمت عملی کا اعلان متوقع
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس پارٹی اپنے سیاسی سفر کے 25 سال مکمل کررہی ہے ۔ پارٹی کی سلور جوبلی تقریب منعقد کرنے ، پارٹی کے استحکام اور مستقبل کی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے 19 فروری کو دوپہر ایک بجے تلنگانہ بھون میں بی آر ایس کے سربراہ سابق چیف منسٹر کے سی آر کی صدارت میں پارٹی کا توسیعی اجلاس منعقد ہوگا ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے اس اجلاس میں بی آر ایس کے ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل ، ارکان راجیہ سبھا ، ریاستی عاملہ کے قائدین ، اضلاع صدور ، موجودہ سابق ارکان پارلیمنٹ ، ارکان قانون ساز کونسل ، سابق کارپوریشن ، ضلع پریشد صدور نشین ، ڈی سی سی بی ، ڈی سی ایم ایس صدور ، پارٹی اسمبلی حلقوں کے انچارجس کو شرکت کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ بی آر ایس کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ اس توسیعی اجلاس میں کانگریس حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں ، حکومت کی ناکامیوں پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔ حکومت کی ناکامیوں کے خلاف احتجاجی مہم شروع کرنے کے لیے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ اسمبلی انتخابات کے دوران کانگریس پارٹی کی جانب سے عوام سے کئے گئے وعدوں کی عدم عمل آوری ، حکومت کی ناکامیوں کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ پارٹی کیڈر میں نیا جوش و جذبہ بھرنے کے لیے مختلف منصوبوں پر غور کیا جائے گا ۔ اس اجلاس میں پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر ایک بہت بڑا جلسہ عام منعقد کرنے پارٹی کی رکنیت سازی مہم شروع کرنے کے علاوہ دیہی علاقوں سے ریاستی سطح تک پارٹی کی تشکیل جدید پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔۔ 2