مزید 6 ارکان اسمبلی 6 ارکان قانون ساز کونسل کانگریس سے رابطے میں، کے سی آر کیلئے اپوزیشن قائد کا عہدہ خطرہ میں
حیدرآباد ۔ 6 جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس کو بدستور سیاسی جھٹکے لگنے کا سلسلہ جاری ہے۔ اسمبلی حلقہ گدوال کی نمائندگی کرنے والے بی آر ایس کے ایک اور رکن اسمبلی کرشنا موہن ریڈی نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ مزید 6 ارکان اسمبلی اور 6 ارکان قانون ساز کونسل کانگریس پارٹی قائدین سے رابطے میں ہیں۔ بتایا جارہا ہیکہ وہ بھی اسمبلی سیشن سے قبل کانگریس پارٹی میں شامل ہوسکتے ہیں۔ تاحال بی آر ایس کے 7 ارکان اسمبلی اور 8 ارکان قانون ساز کونسل کانگریس پارٹی میں شامل ہوچکے ہیں۔ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل کی کانگریس میں شمولیت پر کانگریس کے قائدین نے پہلے اعتراض کیا اور ہائی کمان سے اس کی شکایت بھی کی ہے۔ تاہم باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کانگریس ہائی کمان نے اس معاملے میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو مکمل چھوٹ اور آزادی دی ہے، جس کے بعد چیف منسٹر نے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو کانگریس میں شامل کرنے کی مہم میں تیزی پیدا کردی ہے۔ ریونت ریڈی ایک طرف کانگریس کے مقامی قائدین سے مشاورت کرتے ہوئے انہیں اعتماد میں لے رہے ہیں دوسری طرف بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو کانگریس میں شامل کررہے ہیں۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل بی آر ایس کے تین ارکان اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات کے بعد 4 ارکان نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ ابھی علحدہ علحدہ طور پر بی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ بتایا جارہا ہیکہ آئندہ 6 ارکان اسمبلی ایک ساتھ کانگریس پارٹی میں شامل ہوں گے۔ بی آر ایس کے بیشتر ارکان اسمبلی کانگریس قائدین سے رابطہ میں ہے اور یہ سلسلہ انحراف کارروائی سے بچنے تک ارکان اسمبلی کی تعداد ہونے یعنی 26 ارکان اسمبلی کی شمولیت تک جاری رہے گا۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر کو قائد اپوزیشن کے عہدہ سے محروم کرنے کی منصوبہ بندی پر کام کیا جارہا ہے۔ اس طرح تلنگانہ قانون ساز کونسل میں بلز کی منظوری کیلئے بھی کانگریس کو اپنی عددی طاقت میں اضافہ کرنا ہے۔ تاحال بی آر ایس کے 8 ارکان قانون ساز کونسل کانگریس میں شامل ہوچکے ہیں۔ 40 رکنی قانون ساز کونسل میں بی آر ایس کی عددی طاقت گھٹ کر 21 ہوگئی جبکہ کانگریس کی تعداد بڑھ کر 12 تک پہنچ گئی ہے۔ پہلے سے جیون ریڈی کانگریس کے رکن ہے۔ ایم ایل اے کوٹہ میں مہیش کمار گوڑ، بی وینکٹ منتخب ہوئے۔ گریجویٹ کوٹہ کے انتخابات میں تین مار ملنا کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں۔ مجلس کے 2 ارکان، بی جے پی کا ایک رکن، ایک ٹیچر کوٹہ کارکن اور ایک آزاد رکن موجود ہے۔ گورنر کوٹہ کی دو نشستیں مخلوعہ ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ بی آر ایس کے مزید 6 ارکان قانون ساز کونسل کانگریس قائدین سے رابطہ میں ہے اور وہ کسی بھی وقت کانگریس میں شامل ہوسکتے ہیں۔2