منوگوڑ میں غدر کی تائید کا اعلان، پروفیسر کودنڈا رام کا بیان
حیدرآباد ۔7 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ جنا سمیتی کے سربراہ پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ کے سی آر نے قومی سیاسی پارٹی کے قیام کا ناکام تجربہ کیا ہے اور قومی سطح پر بی آر ایس کو تائید حاصل نہیں ہوسکتی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ کے سی آر ہمیشہ وقتی طور پر سیاسی فائدہ کیلئے اقدامات کرتے ہیں، انہیں دیرپا سیاسی تبدیلیوں سے کوئی مطلب نہیں ہے۔ کودنڈا رام نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو اورڈاکٹر بی آر امبیڈکر جیسی شخصیتوں کے سبب ملک میں کئی شعبہ جات میں ترقی کی ہے۔ کے سی آر میں ایسی صلاحیتیں موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں اپنی ناکامیوں کی پردہ پوشی کیلئے کے سی آر نے قومی سیاسی پارٹی کا ڈرامہ شروع کیا ہے ۔ خاندان کی معاشی ضرورتوں کی تکمیل کے لئے اقتدار کا بے جا استعمال کیا جارہا ہے ۔ بی آر ایس کے قیام کو ناکام تجربہ قرار دیتے ہوئے پروفیسر کودنڈا رام نے کہا کہ کے سی آر نے حقیر مفادات کیلئے تلنگانہ کی عزت نفس کو گروی رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی عزت نفس کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نئی دہلی میں اجلاس منعقد کرتے ہوئے بی آرایس اور تلنگانہ ماڈل کے حقائق کو عوام کے روبرو پیش کیا جائے گا ۔ انہوں نے سوال کیا کہ چیف منسٹر کے پاس تلنگانہ کی ترقی کیلئے وقت نہیں ہیں لیکن اثاثہ جات میں اضافہ کے لئے وقت کیسے حاصل ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے لئے کوئی ایجنڈہ نہیں ہے اور تلنگانہ جنا سمیتی عنقریب ایکشن پلان جاری کرے گی ۔ ایک سوال کے جواب میں کودنڈا رام نے کہا کہ منوگوڑ ضمنی چناؤ میں انقلابی گلوکار غدر مقابلہ کریں تو انہیں عوام کی تائید حاصل رہے گی ۔ تلنگانہ جنا سمیتی بھی غدر کی تائید کرے گی۔ر