ارکان اسمبلی پی کوشک ریڈی ، کے پی ویدیکانند ریڈی کی سکریٹری مقننہ سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ارکان اسمبلی نے سکریٹری اسمبلی سے ملاقات کرتے ہوئے منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف ہائی کورٹ کے جاری کردہ احکامات پر عمل آوری کرنے کی درخواست پیش کی ۔ اس وفد میں بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے پی ویویکانند ، پی کوشک ریڈی اور دوسرے موجود تھے ۔ بعد ازاں ان ارکان اسمبلی نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں 10 اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات یقینی ہوگئے ہیں ۔ ہائی کورٹ نے ڈی ناگیندر ، کڈیم سری ہری ، ٹی وینکٹ راؤ کے خلاف آئندہ چار ہفتوں میں کارروائی کرنے پر زور دیا ہے ۔ اسمبلی کے احترام کو برقرار رکھنے کے لیے انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ مزید ٹال مٹول کی پالیسی ٹھیک نہیں ہے ۔ بی آر ایس کے رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی نے ڈی ناگیندر کو دنیا کا سب سے بڑا دغا باز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنے سیاسی مفادات کی تکمیل کے لیے کپڑوں کی طرح سیاسی جماعتیں تبدیل کرنا ڈی ناگیندر کی عادت بن چکی ہے ۔ پہلے وہ کانگریس سے تلگو دیشم میں گئے پھر ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کو اقتدار حاصل ہوتے ہی کانگریس میں واپس آگئے ۔ کانگریس اقتدار سے محروم ہوتے ہی برسر اقتدار بی آر ایس میں شامل ہوگئے ۔ بی آر ایس اقتدار سے محروم ہوتے ہی برسراقتدار کانگریس میں شامل ہوگئے ۔ بی آر ایس سے انحراف کرنے والے 10 ارکان اسمبلی سزا کے مستحق ہیں ۔ عوام کو دھوکہ دینے والے ارکان اسمبلی کو عدالت سے ضرور سزا ملے گی ۔ بی ار ایس کے ارکان اسمبلی نے کہا کہ کانگریس حکومت مختصر عرصے میں عوامی تائید سے محروم ہوگئی ہے ۔ عوام سے انتخابات میں کئے گئے کوئی بھی وعدے پورے نہیں کئے گئے جس سے عوام میں حکومت کے خلاف ناراضگی پیدا ہوگئی ہے ۔ 2
اگر 10 اسمبلی حلقوں میں ضمنی انتخابات منعقد ہوتے ہیں تو بی آر ایس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔۔ 2