بی آر ایس کو الیکٹورل بانڈز سے 218 کروڑ کے عطیات کی وصولی

   

10 علاقائی جماعتوں کو 852 کروڑ کے عطیات، الیکشن کمیشن میں آمدنی اور اخراجات کی تفصیلات پیش

حیدرآباد۔/9 اپریل، ( سیاست نیوز) ملک کی 10 علاقائی جماعتوں کو سال 2021-22 کے دوران الیکٹورل بانڈز سے 852.88 کروڑ عطیات وصول ہوئے ہیں۔ رضاکارانہ تنظیم نے اس بات کا انکشاف کیا ہے۔ علاقائی جماعتوں میں ڈی ایم کے، بی آر ایس، وائی ایس آر کانگریس، بیجو جنتا دل، جے ڈی یو، سماج وادی پارٹی، عام آدمی پارٹی، شرومنی اکالی دل، تلگودیشم اور دوسروں نے عطیات کی وصولی کی تفصیلات جاری کی ہیں۔ تلنگانہ کی بی آر ایس کو 218 کروڑ کے عطیات وصول ہوئے۔ گذشتہ 9 برسوں سے یہ پارٹی تلنگانہ میں برسراقتدار ہے۔ الیکٹورل بانڈز کے علاوہ دیگر عطیات کے معاملے میں بھی حالیہ عرصہ میں بی آر ایس کا مظاہرہ بہتر رہا ہے۔ آندھرا پردیش میں برسراقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو الیکٹورل بانڈز سے 93.72 کروڑ کے عطیات وصول ہوئے ہیں۔ اسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس کے مطابق 36 علاقائی جماعتوں کو مالیاتی سال 2021-22 کے دوران 1213 کروڑ کے ڈونیشن وصول ہوئے۔ الیکشن کمیشن کو علاقائی پارٹیوں کی جانب سے داخل کردہ آڈٹ رپورٹ کی بنیاد پر یہ تفصیلات حاصل کی گئی ہیں۔ ٹاملناڈوکی برسراقتدار ڈی ایم کے کو علاقائی پارٹیوں میں سب سے زیادہ ڈونیشن حاصل ہوئے جو 318 کروڑ کے ہیں۔ ڈی ایم کے کو تمام اہم علاقائی جماعتوں کی مجموعی آمدنی میں سے 26.27 فیصد ڈونیشن حاصل ہوئے۔ اڈیشہ کی برسراقتدار بیجو جنتا دل 307 کروڑ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی جبکہ بی آر ایس 218 کروڑ سے علاقائی جماعتوں کی آمدنی میں تیسرے نمبر پر ہے۔ 5 ٹاپ سیاسی پارٹیوں کی مجموعی آمدنی 1024.42 کروڑ ریکارڈ کی گئی جو سیاسی جماعتوں کی جملہ آمدنی کا 84.44 فیصد ہے۔ 36 اہم سیاسی پارٹیوں میں سے 35 نے دو مالیاتی سال کیلئے اپنی آمدنی کی تفصیلات داخل کی ہیں۔ 15 پارٹیوں کی آمدنی میں کمی آئی ہے۔ 2020-21 میں 35 پارٹیوں کی آمدنی 565.42 کروڑ تھی جو 2021-22 میں بڑھ کر 1212.70 کروڑ ہوچکی ہے۔ ایک سال میں 114 فیصد آمدنی میں اضافہ ہوا۔ اڈیشہ کی بیجو جنتا دل کی آمدنی میں سب سے زیادہ 233.94 کروڑ کا اضافہ ہوا جبکہ بی آر ایس کی آمدنی میں 180.45 اور ڈی ایم کے کی آمدنی میں 168.79 کروڑ کا اضافہ درج کیا گیا۔ 21 قومی پارٹیوں نے 2021-22 میں آمدنی کی تفصیلات داخل کی ہیں جبکہ 15 سیاسی پارٹیوں نے آمدنی سے زیادہ رقم خرچ کی ہے۔ 36 علاقائی پارٹیوں کا 2021-22 میں خرچ 288 کروڑ درج کیا گیا۔ر