بی آر ایس کو ایک اور جھٹکا، سابق رکن راجیہ سبھا مستعفی

   

آر آنند بھاسکر نے مکتوب استعفیٰ پارٹی سربراہ کے سی آر کو روانہ کردیا
حیدرآباد ۔ 4 مئی (سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات سے قبل بی آر ایس کو ایک اور جھٹکا لگا ہے۔ سابق رکن راجیہ سبھا آر آنند بھاسکر بی آر ایس سے مستعفی ہوگئے۔ اس کے علاوہ ضلع میدک کے سینئر قائد محمد محی الدین ضلع ورنگل کے ٹی لکشمن گوڑ کے علاوہ دوسرے بی آر ایس سے مستعفی ہوگئے۔ سابق رکن راجیہ سبھا آر آنند بھاسکر نے کہا کہ انہیں بی آر ایس میں دم گھٹ رہا ہے۔ پارٹی میں قائدین کا کوئی احترام نہیں ہے اور نہ ہی قائدین کی رائے کو کوئی اہمیت دی جاتی ہے۔ کے سی آر کی دعوت پر وہ 2022ء میں بی آر ایس میں شامل ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ بی آر ایس میں شامل ہوئے اس وقت کے سی آر نے پارٹی کا کھنڈوا پہناتے ہوئے بی آر ایس میں استقبال کیا تھا۔ بی آر ایس پارٹی کا وہ کھنڈوا اسپیڈ پوسٹ کے ذریعہ حیدرآباد میں بی آر ایس کے ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون کو روانہ کردیں گے۔ آر آنند بھاسکر نے کہا کہ شہر حیدرآباد کو مرکز کا زیرانتظام علاقہ بنانے کی سازش کی جارہی ہے۔ اس سازش کو ناکام بنانے والی طاقتوں کے ساتھ مل کر وہ مستقبل میں کام کریں گے۔ چیف منسٹر تلنگانہ اے ریونت ریڈی وعدوں کو نبھانے کیلئے سنجیدہ طور پر کام کررہے ہیں۔ عوام سے کئے گئے وعدوں میں 5 گیارنٹی پر عمل آوری ہوگئی ہے۔ حکومت کی کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ ذات پات کی مردم شماری کرانے کیلئے چیف منسٹر نے اسمبلی میں قرارداد منظور کی ہے۔ اس معاملے میں وہ حکومت سے مکمل تعاون کریں گے۔2