ریاست کے عوام نے کے سی آر کو فارم ہاوز میں زنجیروں سے جکڑ دیا ، ریونت ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر ریونت ریڈی نے فلمی انداز میں طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کا دوبارہ اقتدار میں آنا محض ایک ادھورا خواب ہے ۔ جس طرح ہٹ فلم ’ اروندتھی ‘ میں پشوپتی کے کردار کو زنجیروں سے جکڑ کر قید کردیا گیا تھا بالکل اس طرح تلنگانہ کے 4 کروڑ عوام نے کے سی آر کے گھمنڈ و تکبر کو کچل کر انہیں فارم ہاوز میں زنجیروں سے جکڑ دیا ہے اور ان کی ماضی کی طاقت اب قصہ پارینہ بن چکی ہے ۔ اپنے 20 سالہ سیاسی کیرئیر کی تکمیل کے موقع پر ضلع ناگر کرنول کے مڈجی میں منعقدہ ایک بڑے عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاست کے عوام نے کے سی آر کو قائد اپوزیشن کے عہدے سے نوازا ہے وہ اسمبلی پہونچکر عوامی مسائل پر بات کرنے کے بجائے فارم ہاوز میں آرام کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے ان کے تجربے پر سوال اٹھانے والے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو انتہائی جذباتی انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگ یہ کہہ کر میرا مذاق اڑاتے ہیں کہ مجھے حکومت چلانے کا تجربہ نہیں ہے ۔ بڑے محلوں میں رہنے والے دولت مندوں کو شاید غریبوں کے مسائل کا علم نہیں ہے لیکن مجھ جیسے غریب اور عام پس منظر میں پلے بڑھے شخص کو عوام کی ہر تکلیف کا علم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دولت مندوں کو مٹی کے کام اور تاڑی نکالنے کیلئے محبوب نگر کے مزدور چاہئیے جب وہی محبوب نگر کا بچہ حکومت چلانے نکالا تو انہیں بیکار نظر آرہا ہے ۔ ریونت ریڈی نے عوام کو پکارتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بی آر ایس کے اس جاگیردارانہ تکبر کو روکیں ۔ انہوں نے کے سی آر کے ماضی کے رویے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس شخص کو کیسے معاف کردیں جس نے اپنے غرور اور انا پرستی کی وجہ سے ایک غریب عوامی لیڈر غدر کو چلچلاتی دھوپ میں چار گھنٹے اپنے سرکاری رہائش گاہ کے سامنے کھڑے رہنے کے لیے مجبور کیا تھا ۔ اس غلطی پر کے سی ار کو سیاسی پھانسی دینے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔ چیف منسٹر نے 20 سال پہلے انہیں سیاسی زندگی دینے والے مڈجی کے عوام سے اظہار تشکر کیا ۔ ان کے مقابلے میں زیڈ پی ٹی سی کا مقابلہ ہار جانے والے قائد ربانی کو حکومت میں سرکاری عہدہ دینے کا اعلان کیا ۔ چیف منسٹر نے کے ٹی آر اور ہریش راؤ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ کس منہ سے کہتے ہیں کہ کانگریس کی عوامی حکومت چلی جائے اور ان کے گناہوں کا دور واپس آجائے ؟ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت فراہم کی ہے ۔ 200 یونٹ تک مفت برقی ، راشن کارڈس اور باریک سستے چاول دے رہی تو بی آر ایس کو اس پر کیوں اعتراض ہے ۔ کانگریس حکومت کی کارکردگی پر وہ بی آر ایس کے ساتھ کسی بھی چوراہے پر کھلے عام مباحث کے لیے پوری طرح تیار ہیں ۔۔ 2/a/b