جھوٹے الزامات درج کرنے کویتا کا دعویٰ، حیدرآباد میں کویتا کے سسرالی رشتہ داروں کے مکانات پر ای ڈی کے دھاوے
حیدرآباد ۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) دہلی کے روس ایونیو عدالت نے بی آر ایس کی رکن کونسل کویتا کی ای ڈی تحویل میں مزید تین دن کی توسیع کی ہے۔ ابھی تک کویتا کو دی گئی ایک ہفتہ کی تحویل آج ختم ہوگئی جس پر ای ڈی عہدیداروں نے کویتا کو آج عدالت میں پیش کیا اور تحویل میں مزید پانچ دن کی توسیع دینے عدالت سے درخواست کی گئی جس پر عدالت نے کویتا کی تحویل میں مزید تین دن کی توسیع دی۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے عدالت سے شکایت کی کویتا تحقیقات میں تعاون نہیں کررہی ہیں۔ ای ڈی کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ مزید کئی موضوعات پر پوچھ تاچھ باقی ہے۔ چاروں کے بیانات کے علاوہ کک بیاکس کے بارے میں سوالات کئے گئے ہیں اور یہ بھی بتایا کہ ڈاکٹرس کے مشورے پر کویتا کو غذا اور ادویات دی جارہی ہے۔ عدالت کے احاطہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کویتا نے ای ڈی کی تحقیقات پر اعتراض کیا اور کہا کہ ایک سال سے جو سوالات کئے جا رہے ہیں، دوبارہ اس کی تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ کویتا نے اس کیس کو سیاسی اور جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک منظم سازش کے تحت ان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کئے گئے، ان کی گرفتاری قانون کی خلاف ورزی ہے۔ کویتا نے قانونی جنگ لڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ انہیں قانون پر بھروسہ ہے۔ دوسری جانب انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ حکام نے آج حیدرآباد میں کویتا اور ان کے سسرالی رشتہ داروں کے مکانات پر دھاوا کرکے مکانات کی تلاشی لی ۔ آج صبح ای ڈی کی 7 ٹیموں نے اس کارروائی میں حصہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد کے مادھاپور میں کویتا کی ننداکھیلا کے مکان کی ای ڈی نے تلاشی لی اور ساتھ ہی ان کے شوہر انیل کے بنک کھاتوں کا بھی جائزہ لیا۔2