بی آر ایس کی دوکان 4 جون کے بعد بند ہوجائے گی : سید عظمت اللہ حسینی

   

کے ٹی آر بوکھلاہٹ کا شکار ، گریجویٹ کونسل کے ضمنی انتخاب میں کانگریس کامیاب ہوگی
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ وقف بورڈ و کانگریس انچارج ورنگل میونسپل کارپوریشن سید عظمت اللہ حسینی نے آج گریجویٹ کوٹہ کونسل کے ضمنی انتخاب میں کانگریس کے امیدوار تین مار ملنا کے حق میں انتخابی مہم چلائی ۔ تین علحدہ علحدہ اجلاس سے خطاب کیا ۔ پہلے کانگریس کے اہم قائدین کا اجلاس طلب کیا ۔ دوسرے اجلاس میں خانگی کالجس کے انتظامیہ اور لکچررس اسوسی ایشن کے نمائندوں سے ملاقات کی ۔ اس کے علاوہ ایک رضاکارانہ تنظیم دستور بچاؤ تحریک نے کانگریس امیدوار کی تائید کا اعلان کیا ۔ اس تنظیم کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی ۔ انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کانگریس کے امیدوار تین مار ملنا کانگریس کے رکن اسمبلی این راجندر ریڈی کے علاوہ کانگریس کے دوسرے قائدین موجود تھے ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے کہا کہ گریجویٹ حلقہ ورنگل ، نلگنڈہ اور کھمم میں جملہ 4 لاکھ 70 ہزار گریجویٹ رائے دہندے ہیں۔ کانگریس پارٹی تمام رائے دہندوں تک پہونچنے کی کوشش کررہی ہے ۔ تین اضلاع میں ریاستی وزراء کانگریس کے ارکان اسمبلی اور پارٹی کے دیگر قائدین سرکاری ملازمین ، خانگی کالجس انتظامیہ ، لکچررس اور پروفیسرس کی اسوسی ایشن اور گریجویٹ نوجوانوں سے ملاقات کرتے ہوئے انتخابی مہم میں شدت پیدا کرچکے ہیں ۔ کانگریس کی چھ ماہی حکومت بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت پر حاوی ہے ۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے وعدوں کی تکمیل کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کردیا ہے ۔ بڑے پیمانے پر اصلاحات کیے جارہے ہیں ۔ صرف تین ماہ میں 30 ہزار ملازمتیں فراہم کی گئی ہیں ۔ سید عظمت اللہ حسینی نے بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کی جانب سے کانگریس کے امیدوار کو بلیک میلر قرار دینے اور 56 مقدمات درج ہونے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں تین مار ملنا نے سرکاری ملازمتیں ، بیروزگار نوجوانوں کے مسائل اور عوامی مسائل کو پیش کیا ہے ۔ جس پر بی آر ایس حکومت اور بی آر ایس قائدین نے تین مار ملنا کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 4 جون کے بعد تلنگانہ میں بی آر ایس کی دوکان بند ہوجائے گی اور سیاسی کھیل ختم ہوجائے گا ۔۔ 2