اسمبلی اجلاس کے دوران وزراء کے ٹی آر اور ہریش راؤ سے ملاقات، سفارش کرنے کی اپیل
حیدرآباد ۔5 اگست (سیاست نیوز) بی آر ایس کے ارکان اسمبلی سابق ارکان اسمبلی اپنے سیاسی مستقبل کو لیکر فکرمند ہیں۔ اسمبلی اجلاس کے دوران ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و ریاستی وزیر کے ٹی آر اور ریاستی وزیرفینانس و صحت ٹی ہریش راؤ کے چیمبرس کو پہنچ کر ٹکٹ کیلئے پیروی کا آغاز کردیا ہے۔ جاریہ سال کے اواخر میں اسمبلی کے انتخابات منعقد ہونے والے ہیں۔ بی آر ایس قیادت کی جانب سے یہ اشارے مل رہے ہیں کہ جن ارکان اسمبلی کی کارکردگی ٹھیک نہیں انہیں ٹکٹ سے محروم کردیا جائے گا جس کے بعد بی آر ایس کے ارکان اسمبلی میں تشویش کی لہر دیکھی جارہی ہے۔ اسمبلی کا مانسون سیشن جاری ہے۔ ریاست کے تمام ارکان اسمبلی شہر میں موجود ہیں۔ اسمبلی میں وزراء بالخصوص ہریش راؤ اور کے ٹی آر سے ملاقات کرنا آسان ہے۔ اس لئے تمام ارکان اسمبلی ان دونوں وزراء سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے لئے ٹکٹ کو یقینی بنانے کیلئے بھاگ دوڑ کررہے ہیں۔ دوسری جانب سابق ارکان اسمبلی اور ٹکٹ کے دعویدار نئے چہرے بھی اسمبلی پہنچ کر موجودہ ارکان اسمبلی کی کارکردگی پر رپورٹ پیش کرتے ہوئے انہیں ٹکٹ دینے کی نمائندگی کررہے ہیں جس سے اسمبلی میں کے ٹی آر اور ہریش راؤ کے چیمبرس کے سامنے قائدین کی ہلچل دکھائی دے رہی ہے۔ دونوں وزراء ارکان اسمبلی اور ٹکٹ کے دعویدار قائدین کو مطمئن کرنے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں اور انہیں بتایا جارہا ہیکہ آئندہ بھی ریاست میں بی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ چیف منسٹر کے سی آر نے تمام ارکان اسمبلی کو دوبارہ ٹکٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ اگر کسی وجہ سے کوئی ٹکٹ سے محروم ہوجاتے ہیں تو پارٹی اور حکومت میں ان کی خدمات سے ضرور استفادہ کیا جائے گا۔ پارٹی قائدین ٹکٹ کیلئے دوڑدھوپ کرنے کے بجائے پارٹی کے استحکام اور کامیابی کیلئے کام کریں۔ن