کانگریس کے ارکان کونسل بی وینکٹ اور اونکی دیاکر کو ہتک عزت کے معاملہ میںمزید الزام تراشی سے گریز کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : سیکنڈ ایڈیشنل چیف جج، سٹی سول کورٹ نے ایک اہم فیصلہ سناتے ہوئے بی آر ایس کے ورکنگ پریزیڈنٹ کے ٹی راما راؤ کو راحت پہنچائی ہے۔ عدالت نے کانگریس کی رکنِ کونسل خاتون بی وینکٹ اور ادنکی دیاکر کو ہدایت دی کہ وہ ہتکِ عزت کے معاملے میں کے ٹی آر کے خلاف مزید الزام تراشی سے گریز کریں۔ واضح رہے کہ بی وینکٹ اور ادنکی دیاکر کی جانب سے کے ٹی آر کے خلاف ڈرگس کے استعمال سے متعلق جو ریمارکس کیے گئے تھے ، ان پر کے ٹی آر نے دس کروڑ روپے کے ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ مقدمے کے زیرِ سماعت ہونے کے باوجود کانگریس قائدین کی جانب سے بیان بازی جاری رہنے پر کے ٹی آر نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس قائدین ان کی شخصی امیج کو متاثر کرنے کے لیے مسلسل بیان بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے ڈرگس کے استعمال اور دیگر الزامات کو مسترد کر دیا۔ کے ٹی آر کے وکیل نے کہا کہ ویڈیوز کے ذریعے کانگریس قائدین کے ٹی آر کے خلاف بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں اور ان کی شبیہ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ عدالت نے ریکارڈ اور بالخصوص ویڈیوز کا جائزہ لیا اور دونوں کانگریس قائدین کو ہدایت دی ہے کہ وہ کے ٹی آر کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں۔ عدالت نے مقدمے کے فریقین اور میڈیا اداروں کو ہدایت دی ہے کہ متنازعہ ویڈیوز اور خبروں کو پوری طرح اپنی ویب سائٹس سے ہٹا دیں۔ عدالت نے مقدمے کے تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے موقف کی وضاحت طلب کی ہے۔1