اضلاع ورنگل ، کھمم اور محبوب آباد میں خصوصی چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے ریاست میں موسلا دھار بارش کے پیش نظر ریاست کے مختلف اضلاع میں پارٹی کے کارکنوں کو متاثرین کی ہر طرح سے مدد کرنے اور راحت کاری کے اقدمات میں حصہ لینے کی ہدایت دی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بعد ریاست کے مختلف اضلاع میں بارش ہورہی ہے ۔ ریاست کے تمام آبپاشی پراجکٹس لبریز ہوگئے ۔ کئی پراجکٹس کے دروازے کھولتے ہوئے فاضل پانی خارج کیا جارہا ہے ۔ تالاب لبریز ہو کر بہہ رہے ہیں کئی گاوں کا عام زندگی سے رابطہ ٹوٹ چکا ہے ۔ عوام پریشان ہیں انہیں بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں ہے ۔ حکومت احتیاطی اقدامات کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ کئی علاقوں میں عوام پانی میں پھنسے ہوئے ہیں ۔ بی آر ایس پارٹی کے لیے اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرنے کا وقت آگیا ہے ۔ بی آر ایس کے قائدین اور کارکن فوری سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں ۔ متاثرین میں پینے کا پانی ، دودھ ، غذائی اشیاء ، ادویات اور کپڑے جیسے بنیادی سہولتیں فراہم کریں ۔ طبی امداد کی فراہمی کے لیے ضروریات کے مطابق میڈیکل کیمپ بھی منعقد کریں ۔ راحت کاری کے کاموں کے لیے مقامی سرکاری انتظامیہ سے تال میل کرتے ہوئے کام کریں ۔ کے ٹی آر نے عوام کو مشورہ دیا کہ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق آئندہ تین دن تک چوکسی اختیار کریں ۔ بہت زیادہ بارش ہونے کے امکانات ہیں ۔ بالخصوص اضلاع ورنگل ، کھمم ، محبوب آباد کے عوام کو چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ عوام احتیاطی طور پر گھروں میں رہنے کو زیادہ ترجیح دیں ۔ ضرورت ہو تو ہی گھروں سے باہر نکلیں ۔ کے ٹی آر نے سرکاری مشنری کو مشورہ دیا کہ وہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کریں ۔ عوام بالخصوص نوجوانوں کو پانی کے قریب نہ جانے کا مشورہ دیا ۔۔ 2