نئی دہلی، 27 مئی (یو این آئی) سرکاری ٹیلی کام کمپنی بھارت سنچار نگم لمیٹڈ (بی ایس این ایل) نے مالی سال 2024-25 کی چوتھی سہ ماہی میں 280 کروڑ روپے کا خالص منافع کمایا ہے ۔ یہ مسلسل دوسری سہ ماہی میں بی ایس این ایل کو منافعہ ہوا ہے ۔ بی ایس این ایل نے منگل کے روز یہاں جاری اپنے مالیاتی گوشوارے میں کہا کہ اس نے مارچ 2025 کو ختم ہونے والے مالی سال کی تیسری سہ ماہی میں بھی 262 کروڑ روپے کا خالص منافعہ کمایا ہے ۔ کمپنی نے کہا کہ مالی سال 2024-25 میں اسے 2247 کروڑ روپے کا نقصان ہوا ہے ، جو پچھلے سال کے 5370کروڑ روپے کے مالیاتی نقصان سے 58 فیصد کم ہے ۔ اس طرح اس کے نقصانات میں بہتری آرہی ہے ۔ اس نے کہا کہ مارچ 2025 کو ختم ہونے والے مالی سال میں اس کی آمدنی 20841 کروڑ روپے تھی، جو سابقہ مالی سال کے 19330 کروڑ روپے سے 7.8 فیصد زیادہ ہے ۔ مارچ 2025 کو ختم ہونے والے مالی سال میں بی ایس این ایل کا کل خرچ 25481 کروڑ روپے رہا ہے ، جو پچھلے مالی سال کے 26673 کروڑ روپے کے کل اخراجات سے تین فیصد کم ہے ۔