بی ایس پی تلنگانہ کے سربراہ پروین کمار کی جناب ظہیر الدین علی خاں سے ملاقات

,

   


’سیاست‘ کے 75 سال کی تکمیل پر مبارکباداور تہنیت

حیدرآباد۔/24 ستمبر، ( سیاست نیوز) سابق آئی پی ایس عہدیدار ڈاکٹر آر ایس پروین کمار صدر بہوجن سماج پارٹی تلنگانہ نے آج منیجنگ ایڈیٹر روز نامہ سیاست جناب ظہیر الدین علی خاں سے ملاقات کی اور ’سیاست‘ کے 75 سال کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے جناب ظہیر الدین علی خاں کو تہنیت پیش کرتے ہوئے روز نامہ سیاست، سیاست ٹی وی اور ڈاٹ کام کی مزید کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ان کے ہمراہ بی ایس پی کے میناریٹیز کنوینرس ابرار حسین آزاد اور مولانا شفیع مسعودی موجود تھے۔ ڈاکٹر پروین کمار نے اس موقع پر بتایا کہ انہوں نے گدوال میں عالم پور کے ایک غریب خاندان میں رہتے ہوئے تعلیم حاصل کی ہے۔ انہوں نے سرکاری اسکول میں تعلیم کا آغاز کیا اور متحدہ آندھرا پردیش میں کرنول کے کالج سے تعلیم حاصل کی۔ انہوں نے ڈاکٹر این جی رنگا یونیورسٹی سے ویٹرنری ڈاکٹر کی ڈگری حاصل کی۔ 2005 میں وہ سیول سرویس کیلئے منتخب ہوئے۔ پروین کمار نے کریم نگر اور اننت پور کے کمشنرس کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ انہوں نے وظیفہ پر سبکدوشی سے پانچ سال قبل ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس کے عہدہ سے رضاکارانہ سبکدوشی اختیار کرلی۔ پروین کمار نے ایس سی، ایس ٹی اقامتی اسکولوں کی کارکردگی بہتر بنانے میں اہم رول ادا کیا۔ انہوں نے ایس سی، ایس ٹی، بی سی اور اقلیتوں کے اقامتی اسکولوں کے قیام میں نمایاں رول ادا کیا ہے۔ وہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر اور جیوتی راؤ پھولے کے اصولوں سے متاثر ہوکر بی ایس پی میں شامل ہوئے۔ عوامی مسائل جاننے کیلئے 300 دن کی یاترا کا آغاز کیا اور 100دن کی تکمیل کے بعد دبئی میں تلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقات کی۔ پروین کمار اپنی یاترا کے دوسرے مرحلہ کا منوگوڑ سے آغاز کررہے ہیں۔ وہ مذہب اور ذات پات کی سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کے خواہاں ہیں۔ر