بی ایس پی حامی انڈیا اتحاد کو ووٹ دیں:اکھلیش

   

اٹاوہ: سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) حامیوں سے آئین بچانے کے لئے انڈیا اتحاد کے امیدواروں کے حق میں ووٹنگ کی اپیل کی ہے ۔یادو نے آج کہاکہ اگر بی جے پی کو ایک بار پھر اقتدار ملا تو ہر حال میں آئین کو بدل دے گی۔ آئین کو بچانے کے لئے بی ایس پی حامیوں کو انڈیا اتحاد کے ساتھ کھڑے ہونا چاہئے ۔انہوں نے بی جے پی ہٹاؤ آئین بچاؤ اور بی جے پی ہٹا ریزرویشن بچاؤ نعرے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی ایس پی نے اپنے تنظیم میں بڑی تبدیلی کا جو قدم اٹھایا ہے وہ ان کی پارٹی کا اندرونی معاملہ ہے ۔ دراصل اس کے پیچھے اصلی وجہ یہ ہے کہ بی ایس پی کی ایک بھی سیٹ آتی ہوئی دکھائی نہیں دے رہی ہے کیونکہ بی ایس پی کے زیادہ تر روایتی حامی بھی اس بار آئین اور ریزرویشن کو بچانے کے لئے انڈیا اتحاد کو ہی ووٹ دے رہے ہیں۔ اس بات کو بی ایس پی اپنی تنظیم کی ناکامی کے طور پر لے رہی ہے ۔ اس لئے ان کی اعلی قیادت تنظیم میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کررہی ہے لیکن اب بازی بی ایس پی کے ہاتھ سے نکل چکی ہے ۔

یادو نے کہا کہ سچ تو یہ ہے کہ جب بی ایس پی کا رسوخ والا خطہ ہوتے ہوئے بھی گذشتہ تین مراحل میں ان کی ایک بھی سیٹ نہیں آرہی ہے تو پھر باقی چار مراحل میں تو کوئی امکان ہی نہیں بچا ہے ۔

انہوں نے کہا ایسے میں ہم سبھی ووٹروں سے اپیل کرتے ہوئے کہ آپ اپنا ووٹ خراب نہ کریں اور جو بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے آئین کو بچانے کے لئے سامنے سے لڑرہے ہیں۔ انڈیا اتحاد کے ان امیدواروں کو ووٹ دے کر جتائیں اور آئین کے ساتھ ریزرویشن کو بھی بچائیں۔اس لئے اپیل ہے کہ آئین، ریزرویشن اور اپنے عزت نفس کو بچانا ہے تو اپنا ووٹ ایس پی کو دیں یا جہاں انڈیا اتحاد کا امیدوار ہو وہاں ڈال کر آئین اور ریزرویشن مخالف بی جے پی کو شکست سے دو چار کریں۔