نئی دہلی: لوک سبھا انتخابات سے پہلے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے رکن پارلیمنٹ رتیش پانڈے اتوار کو دہلی میں واقع پارٹی ہیڈ کوارٹر میں اتر پردیش کے نائب وزیر اعلی برجیش پاٹھک اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دیگر رہنماؤں کی موجودگی میں بی جے پی میں شامل ہوگئے ۔اتر پردیش کی امبیڈکر نگر پارلیمانی سیٹ سے ایم پی پانڈے نے اتوار کو بی ایس پی کی بنیادی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے پانڈے نے کہا کہ وہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ترقی یافتہ ہندوستان کے وژن سے متاثر ہیں اور اس مقصد کے لیے کام کرنے کے لیے بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔اس سے قبل رتیش پانڈے نے ٹویٹر پر اپنا استعفیٰ نامہ شیئر کیا، جسے انہوں نے بی ایس پی سربراہ اور اتر پردیش کی سابق وزیر اعلیٰ مایاوتی کو بھیجا ہے ۔ خط میں ان کا شکریہ ادا کیا گیا ہے کہ انہوں نے انہیں لوک سبھا میں پارٹی کی نمائندگی کا موقع فراہم کیا تھا۔
