بدلتے ہوئے تعلیمی نظام کے مطابق ، اساتذہ کے تدریسی معیار کو بڑھانے کی تجویز
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مرکزی محکمہ تعلیم نے بدلتے ہوئے تدریسی طریقوں کے مطابق اساتذہ کے تدریسی انداز میں تبدیلی لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس کے ایک حصہ کے طور پر ملک بھر میں بیچلر آف ایجوکیشن ( بی ای ڈی ) کورسیس کے فارمیٹ میں تبدیلی لانے کی تجویز تیار کی ہے ۔ کورس کی 2 سالہ مدت کو 4 سال کرنے کی تجویز تیار کی گئی ہے ۔ بی ایڈ کورسیس میں تبدیلیوں کا مسودہ پہلے ہی تیار کیا جاچکا ہے ۔ گذشتہ ماہ 27 اپریل کو اس مسئلہ پر دہلی میں خصوصی اجلاس طلب کیا گیا تھا جس میں ریاستوں کے ہائیر ایجوکیشن کونسل اور مرکزی محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔ بی ای ڈی میں نئے کورسیس ڈیزائن کرنے کی ذمہ داری نیشنل کونسل فار ٹیچرس ایجوکیشن ( این سی ٹی ای ) کو سونپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ قومی تعلیمی پالیسی 2020 میں لائی گئی تبدیلیوں کے مطابق تدریسی پیشے میں معیاری تبدیلیوں کے ساتھ ایک مسودہ تیار کیا گیا ہے ۔ تعلیمی نظام میں وقتا فوقتاً آنے والی تبدیلیوں کے ساتھ جدید تدریسی طریقہ کار کے ساتھ بی ای ڈی میں نئے مضامین شامل کئے جارہے ہیں ۔ طلبہ کی نفسیات کو سمجھتے ہوئے محتاط تجزیہ کے ساتھ تدریسی تکنیک کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ تدریسی منصوبوں میں ورچول اور ڈیجیٹل کو سب سے زیادہ ترجیح دی جائے گی ۔ بی ای ڈی ان پہلوؤں کو شامل کرنے جارہا ہے کے استاد کو طالب علم کے حاصل کردہ علم کو حقیقی دنیا میں کس طرح پہونچایا جانا چاہئے ۔ آن لائن اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے مطابق ٹکنالوجی کی مدد سے مضمون کو کتابوں میں پیش کرنے کا طریقہ تیار کیا جارہا ہے تاکہ طلبہ کو سمجھ میں آسکے ۔ جس کو بی ای ڈی میں نصاب کے طور پر شامل کیا جائے گا ۔۔ ن