نئی دہلی: ہندوستان نے آج دو ٹوک الفاظ میں برطانیہ سے کہا کہ برٹش براڈکاسٹنگ کارپوریشن (بی بی سی) کو ہندوستان میں کام کرنے کیلئے ملک کے تمام اصول و قوانین پر عمل کرنا ہوگا۔ذرائع نے بتایا کہ یہاں G-20 کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس میں شرکت کیلئے آنے والے برطانوی سکریٹری خارجہ جیمز کلیورلی نے وزیر خارجہ ایس جے شنکر سے ملاقات کے دوران ہندوستان میں بی بی سی کے دفاتر میں انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے چھاپے کا مسئلہ اٹھایا۔ ذرائع کے مطابق ڈاکٹر جے شنکر نے سختی سے کہا کہ ہندوستان میں کام کرنے والی تمام اکائیوں کو ہر حال میں ملک کے تمام اصول و ضوابط پر عمل کرنا ہوگا۔بی بی سی نے حال ہی میں 2002ء کے گجرات فسادات میں وزیراعظم مودی کے رول کا متنازعہ دعویٰ کیا تھا۔