مذہبی خطوط پر نفرت پھیلانے کا الزام، الیکشن کمیشن سے شکایت
الٹا چور کوتوال کو ڈاٹے
کولکاتا: بی جے پی نے الیکشن کمیشن سے شکایت کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہیکہ ترنمول کانگریس صدر اور چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی فرقہ وارانہ خطوط پر عوام سے ووٹ دینے کی اپیل کررہی ہے۔ ممتابنرجی کی انتخابی مہم سے پریشان بی جے پی اب الیکشن کمیشن کا سہارا لے رہی ہے۔ بی جے پی کا الزام ہیکہ ممتابنرجی اپنے انتخابی جلسوں میں فرقہ وارانہ نفرت پھیلانے کی کوشش کررہی ہیں اور مذہبی خطوط پر ووٹ مانگ رہی ہے۔ مغربی بنگال کے چیف الیکٹورل آفیسر کو دیئے گئے مکتوب میں بی جے پی نے کہا کہ ممتابنرجی کی انتخابی تقریر نہایت ہی اشتعال انگیز ہے۔ تقریر کا لب و لہجہ تلخ اور تکلیف دہ ہے۔ مذہبی خطوط پر طبقات کے درمیان نفرت پھیلائی جارہی ہے۔ بی جے پی نے ممتابنرجی کی بنگلہ زبان میں کی گئی تقریر کا حوالہ دیا جس میں ممتا نے کہا تھا کہ بی جے پی کے غنڈے زعفرانی دیس پہن کر ماتھے پر تلک لگا کر بنگال کے کلچر کو تباہ کررہے ہیں۔ بی جے پی کا دعویٰ ہیکہ ممتابنرجی کی تقریر انتخابات کیلئے بنائے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ عوامی نمائندگان قانون کے خلاف بھی ہے۔ بی جے پی نے مزید کہا کہ ممتابنرجی انتخابی کرپشن میں ملوث ہیں۔ مغربی بنگال میں 27 مارچ کو کو پہلے مرحلہ کی رائے دہی ہورہی ہے اور آخری مرحلہ 29 اپریل کو منعقد ہوگی۔