بی جے پی ، آر ایس ایس کو تحفظات ناپسند :راہول

   

نئی دہلی۔ 10 فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام)کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی نے کہا کہ اُترکھنڈ حکومت نے درج فہرست ذات و قبائل(ایس سی ایس ٹی) کے ریزرویشن کے حوالہ سے جو بیان دیا ہے اس سے صاف ہو گیا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی ریزرویشن کو ختم کرنا چاہتی ہے لیکن کانگریس اس خواب کو کبھی پورا نہیں ہونے دے گی۔ راہول گاندھی نے پارلیمنٹ کی عمارت کے احاطے میں پیر کو کہا کہ بی جے پی اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ آئینی اداروں کولگاتار نقصان پہنچا رہے ہیں۔ اب انہوں نے درج فہرست ذات و قبائل کے لوگوں کو ملنے والے ریزرویشن کے آئینی حق کو ختم کرنے کا کام شروع کر دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اس طبقہ کے مفادات کی حفاظت کرے گی اور ان کو ملنے والے ریزرویشن کو ختم نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت لوگوں کی آزادی کو ختم کر رہی ہے ۔