بی جے پی ، کارکنوں کی جماعت ، دیگر جماعتیں خاندانی سیاست پر قائم

   

ارکان کی تعداد 18 کروڑ ، 17 ریاستوں میں اقتدار ، بنگال اگلا نشانہ :نڈا
لوبارڈاگا ۔ /30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے کارگزار صدر جے پی نڈا نے جمعہ کو کہا کہ ملک میں ہر پارٹی ’پریوار واد‘ خاندانی / موروثی سیاست پر عمل پیرا ہے لیکن ان کی پارٹی (بی جے پی) ہی واحد عام کارکنوں کی طرف سے چلائی جاتی ہے ۔ جس میں دیواروں پر پوسٹرس چسپاں کرنے والوں اور چائے بیچنے والے بھی اعلیٰ ترین منصبوں پر ہوا کرتے ہیں ۔ نڈا نے کہا کہ ان کی پارٹی 17 ریاستوں میں اپنی حکومت بناچکی ہے اور مغربی بنگال میں اقتدار حاصل کرنا اس کا آئندہ نشانہ ہے ۔ دستور کی 370 کی تنسیخ پر وزیر داخلہ امیت شاہ کی ستائش کرتے ہوئے نڈا نے کہا کہ ’ شاہ نے محض ایک دن کی بحث میں دفعہ 370 کو ختم کردیا اور جموں و کشمیر کو 70 سال کے کرب و مسائل سے نجات دلادیا ‘ ۔ نڈا نے بی جے پی کے شکتی کیندرا بوتھ سطح کے کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کررہے تھے ۔ الزام عائد کیا کہ دیگر سیاسی جماعتیں ’ خاندان اور وراثت‘ پر اپنی بنیادیں ڈالتے ہیں جبکہ بی جے پی اپنے ہر ورکر کو ابھرنے کا موقع دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ ملک کی ہر دوسری جماعت پریوار واد پر قائم ہے لیکن بی جے پی صرف ورکروں کی جماعت ہے ۔ عام ورکرس جو (دیواروں پر ) پوسٹرس چسپاں کرتے ہیں ۔ جھنڈے اٹھائے گھومتے ہیں اور چائے بیچتے ہیں ،

اب اعلیٰ عہدوں پر فائز ہیں ۔ نڈا نے اگرچہ راست طور پر کسی کا نام نہیں لیا لیکن واضح طور پر وہ وزیراعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کا حوالہ دے رہے تھے جنہوں نے محض معمولی و عام کارکن کی حیثیت سے سیاسی زندگی کا آغاز کیا تھا ۔ نڈا نے رکنیت سازی کی رواں مہم کے دوران بی جے پی رکنیت 7 کروڑ تک پہونچ جانے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک بھر میں اب بی جے پی کارکنوں کی تعداد 18 کروڑ تک پہونچ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی 17 ریاستوں میں اپنی حکومت قائم کرچکی ہے اور مغربی بنگال ابھی باقی ہے ۔ پہلے جھارکھنڈ پھر بنگال ہوگا ۔ جھارکھنڈ میں رواں سال نومبر یا ڈسمبر میں اسمبلی انتخابات متوقع ہیں ۔ مغربی بنگال کی 42 لوک سبھا نشستوں کے منجملہ 18 نشستوں پر بی جے پی کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نڈا نے کہا کہ 2021 ء کے اسمبلی انتخابات میں ممتابنرجی کو چیف منسٹر کی کرسی سے بیدخل کرنا ہے ۔