بی جے پی اذان پر سیاست کررہی ہے

   

بیروزگاری ، جی ڈی پی پر توجہ دے، شیوسینا لیڈر سنجے راوت کا بیان

ممبئی : شیوسینا لیڈر سنجے راوت نے کہا کہ مہاراشٹرا بھارتیہ جنتا پارٹی کے قائدین اذان پر سیاست کررہے ہیں۔ بی جے پی کو اذان سے زیادہ ملک میں بھیانک بڑھتی بیروزگاری اور شدید گرتے ہوئے جی ڈی پی پر توجہ دینی چاہئے۔ وزیراعظم نے یہ بھی کہا تھا کہ کوویڈ۔19 وباء کے دوران مذہبی مقامات پر ہجوم جمع نہیں ہونا چاہئے۔ جو لوگ کہہ رہے ہیں کہ شیوسینا نے ہندوستان نظریہ ترک کردیا ہے ، انہیں اس طرح کا تماشہ بند کرنا چاہئے۔ انہیں اصل مسائل جیسے بیروزگاری اور جی ڈی پی پر بات کرنی ہوگی۔ سنجے راو ت یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹرا میں بی جے پی قائدین کو اذان کے مسئلہ پر سیاست کرتے دیکھا جارہا ہے۔ واضح رہیکہ یہ تبصرے اس وقت سامنے آئے ہیں جبکہ شیوسینا لیڈر نے چند دن قبل کہا تھا کہ مسلم بچوں کیلئے اذان کے مقابلے منعقد کئے جانے چاہئے۔ اس کے بعد بی جے پی لیڈر دیویندر فڈنویس نے شیوسینا پر الزام عائد کیا تھا کہ شیوسینا نے ہندوتوا ترک کردیا ہے۔ سنجے راوت نے ممبئی میں اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ کی بالی ووڈ اداکاروں سے ملاقات کا تبصرہ کیا اور کہا کہ یہ اتنا آسان نہیں ہیکہ ممبئی کی فلم سٹی کو دوسرے مقام پر منتقل کیا جائے۔ میں نے دیکھا ہیکہ یوگی جی اکشے کمار کے ساتھ ایک فائیو اسٹار کے کمرہ میں بیٹھے ہوئے ہیں۔ اس طرح وہ یوپی میں فلم سٹی قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر ایسا نہیں ہوگا۔ ممبئی کی فلم سٹی کی ایک طویل تاریخ ہے۔ اس کے قیام کیلئے برسوں محنت کی گئی ہے۔ کیا یوگی ادتیہ ناتھ اس سلسلہ میں مغربی بنگال، پنجاب اور جنوبی ہند کی فلم انڈسٹریز کا بھی دورہ کریں گے؟ چیف منسٹر یوپی نے ممبئی اسٹاک ایکسچینج کے بارے میں بھی بات چیت کی ہے۔