بی جے پی اس مرتبہ ای وی ایم سے کامیاب نہیں ہوسکتی ہم ہر مشین کی حفاظت کریں گے ۔: ممتا بنرجی کا انتخابی ریالی سے خطاب 

,

   

اسلام پور : ایودھیا میں گذشتہ پانچ سالوں میں رام مند ر بنانے میں ناکام رہنے پر وزیر اعظم نریندر مودی کا مذاق اڑاتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے فوج اور شہیدوں کے نام پر ووٹ مانگنے کیلئے ان کی تنقید کی ۔ بنرجی نے شمالی دیناج پور ضلع میں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج ہر ہندوستانی کی ہے لہذا مودی اور بی جے پی فوج کو اپنی جاگیر نہ سمجھیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ گذشتہ پانچ سالوں میں رام مندرنہیں بنا سکے لیکن جب بھی انتخابات آتے ہیں وہ اس مسئلہ کو اٹھاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لوگ پاگل نہیں ہے آپ ہر بار انہیں بے وقوف نہیں بنا سکتے ہیں ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ وہ ملک کے ہر مذہب کا احترام کرتے ہیں ۔

وزیر اعلی مغربی بنگال نے کہا کہ مودی کو جوانوں اور شہیدوں کے نام پر ووٹ مانگتے ہوئے شرم آنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے بعد مرکز میں حکومت سازی ترنمول کانگریس اہم کردار ادا کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بنگال میں صرف ترنمول کانگریس ہی بی جے پی کو شکست دے سکتی ہے ۔ ممتا جی نے مزید کہا کہ بی جے پی چاہتی ہیں کہ تمام سیاسی جماعتیں اس کی بالا دستی کو تسلیم کرلیں مگر یہ جمہوریت ہے اور یہاں کی عوام جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں وہ کبھی اس طرح کی سوچ وفکر کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں تقریبا بیس لاکھ نوجوان بیروزگار ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے اپنے منشور کے متعلق کہتے ہو ئے کہا کہ ہم نے خواتین کے علاج کے لئے پانچ ہزار کروڑ روپے مختص کئے ہیں ۔

مرکز نے اس فنڈ میں کوئی مدد نہیں کی ۔ ممتا نے کہا کہ بی جے پی اس مرتبہ ای وی ایم سے کامیاب نہیں ہوسکتی ہم ہر مشین کی حفاظت کریں گے ۔ وی وی پیڈ کے ذریعہ ہر ووٹ کی تصدیق کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی اپنے آپ کو چوکیدار کہتے ہیں جبکہ پلوامہ میں ہماری فوج پر حملہ ہوگیا چوکید ار ہوکر وہ کیا کررہے ہیں ۔