بی سی ‘ ایس سی اور ایس ٹی تحفظات میں اضافہ کیا جائیگا ۔ جی کشن ریڈی کا اعلان
حیدرآباد29 اکٹوبر(سیاست نیوز) تلنگانہ بی جے پی صدر و مرکزی وزیر جی کشن ریڈی نے اعلان کیا کہ اگر بی جے پی تلنگانہ میں برسر اقتدار آئے گی تو وہ مسلمانوں کو تحفظات سے دستبرداری اختیار کرلے گی اور ایس سی ‘ ایس ٹی اور بی سی طبقات کے تحفظات میں اضافہ کیا جائیگا ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے تلنگانہ میں 3 نومبر کے بعد سے انتخابی مہم میں شدت پیدا کی جائے گی پارٹی کی انتخابی ریالیوں اور جلسوں میں وزیر اعظم نریندر مودی ‘ بی جے پی صدر جے پی نڈا اور کئی مرکزی وزراء شرکت کرنے والے ہیں۔ ریاست میں انتخابی مہم میں حصہ لینے والوں میں وزیر داخلہ امیت شاہ ‘ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری بھی شامل ہیں۔ یہاں پارٹی آفس میں خطاب کرتے ہوئے کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی نے ریاست میں پارٹی کو اقتدار ملنے پر بی سی طبقات کے کسی نمائندے کو چیف منسٹر بنانے کا اعلان کیا ہے اور یہ تاریخی فیصلہ ہے ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کا یہ فیصلہ سماج میں انقلاب لانے کا موجب اور ذریعہ بنے گا ۔ حال ہی میں ریاست میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا تھا کہ بی جے پی اگر اقتدار میں آتی ہے تو پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے کسی لیڈر کو تلنگانہ کا چیف منسٹر بنایا جائیگا ۔ تلنگانہ میں 30 نومبر کو رائے دہی ہونی اور 3 ڈسمبر کو ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔ کشن ریڈی نے کہا کہ نریندر مودی بھی غریب خاندان سے تعلق رکھتے تھے اور اب وہ ملک کے وزیر اعظم بن گئے ہیں اور ملک اور قوم کی خدمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی سی طبقات کے کسی نمائندے کو چیف منسٹر بنانے کے فیصلے کا سماج کے مختلف طبقات کی جانب سے خیرمقدم کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ پر تنقید کرکے الزام عائد کیا کہ انہوں نے تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کسی دلت کو چیف منسٹر بنانے کا اعلان کیا تھا لیکن اس وعدہ سے مکر گئے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی آر ایس قائدین اور اس کے کارکنوں کو بی جے پی پر تنقید کرنے کا کوئی اخلاقی حق حاصل نہیں ہے ۔