بی جے پی اقتدار میں آسام میں امن و ترقی کو یقینی بنایا گیا

   

کانگریس دور میں تشدد اور عدم استحکام کو عروج رہا ۔ امیت شاہ کا جلسہ سے خطاب

جونائی ۔ مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آج کہا کہ بی جے پی نے گذشتہ پانچ سال میں آسام میں امن و ترقی کو یقینی بنایا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اقتدار میں ریاست میں تشدد اور عدم استحکام رہا ہے ۔ انہوں نے آسام میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ جب پانچ سال قبل ریاست میں کانگریس اقتدار میں تھی تو ریاست میں احتجاج تھا ‘ تشدد تھا ‘ بم دھماکے تھے ‘ اموات ہو رہی تھیں اور کرفیو عام بات ہوگئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اقتدار میں ریاست میں چاروں جانب دہشت گردی کا ننگا ناچ چل رہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آج راہول گاندھی آسام کی شناخت اور اس کی عزت کی بات کرتے ہیں لیکن آج وہ ان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ کیا کانگریس پارٹی آسام کا وقار آل انڈیا یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ بدر الدین اجمل کے ساتھ مل کر آسام کا وقار بحال کرے گی ؟ ۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر اتفاق سے بدر الدین اجمل اقتدار پر آجاتے ہیں تو کیا آسام کو در اندازوں سے محفوظ رکھا جاسکتا ہے ۔ کیا عوام چاہتے ہیں کہ ریاست میں مزید در انداز آئیں۔ انہوں نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ پھوٹ ڈالو اور راج کرو کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے ۔ بی جے پی سب کا ساتھ سب کا وکاس اور سب کا وشواس کے ایجنڈہ پر کام کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ریاست میں آسامی اور بنگالی کے درمیان اختلافات کو ہوا دی ہے اور بالائی و زیریں آسام میں فرق کیا ہے ۔ بی جے پی نے چھوٹی برادریوں کو بھی ساتھ لے کر چلنے کا بیڑہ اٹھایا ہے اور انہیں ترقیاتی سرگرمیوں سے باندھ کر رکھا ہے ۔ امیت شاہ نے کہا کہ آسام کا انتخاب در اصل عوام کیلئے یہ فیصلہ کرنے کا موقع ہے کہ وہ آیا امن و ترقی چاہتے ہیں یا نہیں۔ یہ انتخاب صرف ایک چیف منسٹر یا ارکان اسمبلی منتخب کرنے کا نہیں ہے بلکہ اس بات کو یقینی بنانے کا ہے کہ آسام کا وقار اور اس کی عظمت بحال ہوسکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جوش و خروش سے یہ واضح ہوچکا ہے کہ ریاست کے عوام آسام میں بی جے پی کو دوسری معیاد کیلئے بھی اقتدار دینا چاہتے ہیں۔