بی جے پی اقتدار میں مفت تعلیم و صحت کی سہولتیں

   

بنڈی سنجے کا اعلان، پرانے شہر کو نئے شہر کی طرز پر ترقی کا منصوبہ
حیدرآباد۔/6مارچ، ( سیاست نیوز) بی جے پی ریاستی صدر بنڈی سنجے نے اعلان کیا کہ تلنگانہ میں بی جے پی برسراقتدار آتے ہی مفت تعلیم اور صحت کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنجے نے کہا کہ بی جے پی تلنگانہ عوام کی بھلائی کیلئے منصوبہ رکھتی ہے۔ پارلیمنٹ اور اسمبلی انتخابات میں کامیابی بی جے پی کا اہم نشانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل جانے کے خوف سے چیف منسٹر کے سی آر مختلف ریاستوں کا دورہ کرکے اپوزیشن قائدین سے ملاقات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے دورہ سے کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوگا اور بی جے پی کے خلاف محاذ کی تیاری میں کامیابی نہیں مل سکتی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8 برسوں میں کے سی آر اور افراد خاندان بدعنوانیوں میں ملوث رہے ان بدعنوانیوں کی پردہ پوشی کیلئے دورہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی پرانے شہر کو نئے شہرکی طرز پر ترقی دینے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں مقامی جماعت کی غنڈہ گردی سے نجات دلانے کی کوشش کی جائے گی۔ حجاب تنازعہ کے بارے میں بنڈی سنجے کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں یونیفارم پر عمل کیلئے اصرار میں کوئی غلطی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس نے نفرت کی صورتحال پیدا کردی جس کے نتیجہ میں مسلم خواتین ووٹ کا حق استعمال کرنے سے بھی خوفزدہ ہیں۔ بنڈی سنجے نے چمپا پیٹ میں حیدرآباد پارلیمانی حلقہ کے پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کو چیف منسٹر بنانے کے سی آر خواہاں ہیں لیکن گھر میں اختلافات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین و کارکنوں کو جھوٹے مقدمات سے ہراساں کرنے کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی برسراقتدار آنے پر دارالسلام پر قبضہ کریں گے اور بھاگیہ لکشمی مندر کو تلنگانہ کے آئیکان میں تبدیل کیا جائیگا۔ر