عوام کو مفت راشن فراہمی کا وعدہ جھوٹا ۔ ممتابنرجی کا خطاب
کوتلوپور ( بنگال ) ۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے بی جے پی پر اسمبلی انتخابات سے قبل مفت راشن فراہم کرنے کا جھوٹا وعدہ عوام سے کرنے کا الزام عائد کیا ہے اور کہا کہ بی جے پی اس وعدہ کو کبھی پورا نہیں کر پا ئے گی ۔ انہوں نے بنکورہ ضلع میں ایک انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی باہر والوں کی پارٹی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس پارٹی نے باہر سے غنڈے بلائے ہیں تاکہ یہاں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے عوام سے مفت راشن فراہم کرنے کا جھوٹا وعدہ کیا ہے اور وہ کبھی اس وعدہ کو پورا نہیں کر پائے گی ۔ بی جے پی پر خواتین کیلئے کیا پہننا چاہئے اور کیا کھانا چاہئے جیسے فرمان جاری کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ عوام کو یہ سوچنے پر مجبور کردیا جائیگا کہ نریندر مودی ‘ ڈاکٹر امبیڈکر سے بڑے لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے دیکھا کہ گجرات میں کس طرح سے ایک اسٹیڈیم کا نام مودی کے نام پر کردیا گیا ہے ۔ یہ لوگ ایک دن ملک کا نام بھی بدل کر رکھ دیں گے ۔ یہ لوگ عوامی شعبہ کی کمپنیاں خانگی شعبہ کو فروخت کر رہے ہیں۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ کانگریس اور بائیں بازو محاذ کی بی جے پی سے ساز با ز ہے ممتابنرجی نے کہا کہ سی پی ایم کے غنڈے کوتلو پور ‘ چومکیا تالا ‘ اور دوسرے مقامات پر تشدد میں ملوث ہیں ۔