بی جے پی ای وی ایم ہیک کر کے الیکشن جیتتی ہے : سامنا

   

ممبئی: شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) نے اپنے ترجمان ’سامنا‘ میں بھارتیہ جنتا پارٹی پر تنقید کی ہے۔ سامنا کے اداریہ میں لکھا گیا ہے کہ بی جے پی ای وی ایم کو ہیک کرکے الیکشن جیتتی ہے۔ اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن کو بھی نشانہ بنایا ہے اور کہا ہے کہ اب الیکشن کمیشن سے کچھ امید نہیں رکھی جا سکتی۔ ای وی ایم کے ساتھ حکمراں پارٹی نے الیکشن کمیشن کو بھی ہیک کیا ہے۔ اداریہ میں لکھا گیا ہے کہ سچ کو جتنا بھی دبانے کی کوشش کی جائے، وہ لاوے کی طرح نکلتا ہے۔ بی جے پی ایم پی ڈی اروند نے کہا ہے کہ ووٹر کوئی بھی بٹن دبائیں، ووٹ صرف بی جے پی کو جائے گا! اس کا سیدھا مطلب ہے کہ بی جے پی ای وی ایم کو ہیک کرکے الیکشن جیتتی ہے۔ الیکشن کمیشن کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے ترجمان لکھتا ہے کہ الیکشن کمیشن اب منصفانہ نہیں رہا۔ وہ بی جے پی کی مرکزی حکومت کا کام کرنے والا ہی بن چکا ہے۔ الیکشن کمیشن میں گجرات ماڈل افسران کو لا کر ان سے جو چاہیں، اچھا یا برا کرایا جا رہا ہے۔ مہاراشٹرا میں جس طرح شیو سینا اور کمان اور تیر کے نشانات شندے گروپ کو سونپے گئے، اس سے اس من مانی پر مہر لگ گئی ہے۔ سامنا مزید لکھتا ہے کہ آج بی جے پی ای وی ایم سے محبت دکھا رہی ہے لیکن ای وی ایم کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہو سکتی ہے، اس کا ثبوت بی جے پی نے دیا۔ بی جے پی لیڈر سبرامنیم سوامی تو ای وی ایم گھوٹالہ پر ایک مقالہ لکھ کر اس کے خلاف سپریم کورٹ تک گئے تھے۔