بی جے پی حصول اقتدار کیلئے عوام کو مذہب کے نام پر باٹنے میں مصروف

   

لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر وزیراعظم کو پسماندہ طبقات کا خیال آیا: طاہر بن حمدان

نظام آباد20جنوری(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی و سینئرقائد جناب طاہر بن حمدان نے کہا کہ مرکز میں برسراقتدار بی جے پی حکومت ملک کی عوام کو مذہب کے نام پر بانٹنے اور اقتدار حاصل کرنے میں سرگرم عمل ہے۔گزشتہ 9 سالہ اقتدار میں ملک بھر میں عوام مخالف پالیسیوں، مذہبی منافرت پھیلاکر ملک کی ترقی اور خوشحالی کو فراموش کردیا گیا۔طاہر بن حمدان نے اپنے ایک صحافتی بیان میں کہا کہ آنیوالے لوک سبھا انتخابات کے تناظر میں وزیر اعظم نریندر مودی کو پسماندہ طبقات کی فلاح و بہبود کا خیال آیا ہے جبکہ ملک میں بی جے پی کے اقتدار میں آنے کے بعد منافرت، فرقہ وارانہ کشیدگی کو بڑھاوا دیا گیا۔حکومت کی غلط پالیسیوں سے ملک بھر میں کمزور پچھڑے طبقات، اقلیتوں کسانوں کی ترقی رکی ہوئی ہے۔جب تک ملک میں ان طبقات کی ترقی نہیں ہوگی ملک کا ترقی کرنا ممکن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مودی نے 9 سالہ دور اقتدار میں عوامی فلاح وبہبود کو یکسر نظر انداز کردیا ہے اور اب 9 ریاستوں کے اسمبلی اور مجوزہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر پسماندہ طبقات کی یاد آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو کوئی حکومتی عوام مخالف پالیسیوں پر آواز اٹھانے پر ان کے خلاف ای ڈی، سی بی آئی کے ذریعے دباؤ بناتے ہوئے آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے جو کہ جمہوریت کے مغائر ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کی زیر قیادت مرکزی بی جے پی حکومت ان سالوں میں کچھ نہیں کیا آور جو غلطیاں کی ہیں اس کا احساس ندامت بھی نہیں ہے۔اس طرح کی مطلق العنان حکمران کو عوام سبق سکھائے گی۔