بی جے پی حکومت میں بے قصوروں کی پولیس ہراسانی:اکھلیش

   

لکھنؤ: سماج وادی پارٹی(ایس پی)سربراہ اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں پولیس مجرمین کے خلاف کاروائی کے بجائے بے قصوروں کو ہراساں کر ان کی جان لے رہی ہے ۔ یادو نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ بی جے پی حکومت میں لوگ محفوظ نہیں ہیں۔ ریاست کا نظم ونسق تباہ ہوچکا ہے ۔ قتل، لوٹ کے واقعات میں لگاتار اضافہ ہورہا ہے ۔ مجرمین دن دہاڑے قتل کررہے ہیں۔ مجرمین میں پولیس کا ڈر نہیں ہے ۔ پیر کو ایس پی لیڈر عشرت علی کی دن دہاڑے بدمعاشوں نے گولی مار کر قتل کردیا۔ کاس گنج میں ریٹائرڈ اے ڈی ایم راجندر پرساد کشیپ کا قتل کیا گیا۔ غازی آباد میں بدمعاشوں نے روپئے سے بھرا بیگ لوٹ لیا۔پورے ریاست میں ہر دن جرائم کے سینکڑوں واقعات ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا نظم ونسق اور پولیس کا جرائم پر کوئی کنٹرول نہیں رہ گیا ہے ۔ بی جے پی حکومت میں پولیس سے عوام کا بھروسہ اٹھ گیا ہے ۔ اس حکومت میں پولیس مدد کے بجائے لوٹ رہی ہے ۔کانپور میں ڈائل 112 پر مدد کے لئے فون ملانے پر پہنچے پولیس والوں نے متاثرہ کی ہی پٹائی کر پیسے چھین لئے ۔اسی طرح سے پولیس میں حراست میں اموات کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے ۔بی جے پی حکومت میں پولیس محافظ کی جگہ لٹیرا بن گئی ہے ۔ ناانصافی کرنے والی بی جے پی حکومت اب اپنے آخری دورمیں ہے ۔ عوام بی جے پی کی ناانصافی، ہراسانی کو دیکھ رہے ہیں۔