بی جے پی حکومت میں چین و پاکستان کوئی حماقت نہیںکرسکتے

   

کانگریس نے دہشت گرد ی و نکسل ازم پر نرم رویہ رکھا تھا ۔ چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ کا الزام

راور کیلا ( اوڈیشہ ) 15 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس پر دہشت گردوں اور نکسلائیٹس کے ساتھ نرم رویہ اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے چیف منسٹر اترپردیش یوگی آدتیہ ناتھ نے آج کہا کہ چین اور پاکستان بی جے پی کے دور حکومت میں ہندوستان کے خلاف کسی حماقت کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ اب ہندوستان میں بی جے پی کی قیادت میں ایک مستحکم حکومت ہے ۔ راور کیلا میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں چین کی جانب سے ہندوستان میں در اندازی عام بات ہوگئی تھی تاہم جب سے نریندرمودی ملک کے وزیر اعظم بنے ہیں اس وقت سے یہ در اندازی رک گئی ہے اور ختم ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح پاکستان نے یو پی اے کے دور حکومت میں سرحد پر ہمارے جوانوں کے سر کاٹے تھے لیکن اب مودی چونکہ ملک کے وزیر اعظم ہیں اس لئے چین اور پاکستان کسی طرح کی کارروائی کے متحمل نہیں ہوسکتے ۔ پلواما دہشت گرد حملے پر ہندوستان کی جوابی کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے آدتیہ ناتھ نے کہا کہ پاکستان کو ہمارے 40 سی آر پی ایف جوانوں کی ہلاکت کا منہ توڑ جواب دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی کارروائی صرف دہشت گرد کیمپس تک محدود نہیں رہ گئی ہے بلکہ اس سے پاکستان کی ریڑھ کی ہڈی توڑنے کیلئے ایک مستحکم پیام دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی دہشت گردی کو بالکل بھی برداشت نہیں کرتی ۔ کانگریس کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آدتیہ ناتھ نے الزام عائد کیا کہ ملک کانگریس کے دور میں دہشت گردی کے تئیں نرم رویہ سے ترقی کی سمت آگے بڑھنے میں ناکام رہا ہے ۔ انہوں نے دعوی کیا کہ ملک بھر میں ایک طاقتور مودی لہر ہے ۔ اوڈیشہ کے عوام سے انہوں نے بی جے پی کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی اور کہا کہ مرکز اور ریاست دونوں میں پارٹی کو اقتدار ملنا چاہئے ۔