دستور میں تبدیلی کا مطالبہ غیر ضروری، ٹی ویرا بھدرم کا ردِ عمل
حیدرآباد۔/6 فروری، ( سیاست نیوز) سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرا بھدرم نے مرکزی حکومت کے خلاف چیف منسٹر کے سی آر کے بیان کی تائید کی اور کہا کہ مرکزی بجٹ میں تلگو ریاستوں کے ساتھ ناانصافی کی گئی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ویرا بھدرم نے شہر کے مضافات میں رامانجا چاریلو کے مجسمہ کو مجسمہ مساوات کا نام دیئے جانے کی مخالفت کی۔ انہوں نے کہاکہ رامانجاچاریلو کی تاریخ کچھ اور ہے لیکن انہیں مساوات کی علامت کے طور پر پیش کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چنا جیر سوامی مجسمہ کی آڑ میں عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ انہوں نے تقریب میں چناجیر سوامی کی جانب سے وزیر اعظم کی ستائش اور انہیں لارڈ رام سے تعبیر کرنے پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت دستور میں تبدیلی کرتے ہوئے اپنے نظریات کو شامل کرنا چاہتی ہے۔ ریاستوں کے حقوق کے بارے میں مرکز کا رویہ منصفانہ اور مساوات پر مبنی نہیں ہے۔ ویر بھدرم نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے خلاف کے سی آر کے بیان کا وہ خیرمقدم کرتے ہیں تاہم انہوں نے دستور بدلنے سے متعلق چیف منسٹر کے بیان سے اختلاف کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے جدوجہد کے ساتھ ساتھ کے سی آر کو دستور کے تحفظ کی فکر کرنی چاہیئے۔ر