بی جے پی رکن اسمبلی کی دختر اور شوہر پر حملہ

   

الہ آباد 15 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی رکن اسمبلی راجیش مشرا کی دختر ساکشی اور ان کے شوہر اجیتیش کمار پر آج الہ آباد ہائیکورٹ کامپلکس کے احاطہ میں کچھ وکلا نے حملہ کردیا ۔ چند ہی منٹ قبل عدالت نے انہیں تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ ساکشی اور ان کے شوہر نے پہلے ہی اپنی جان کو خطرہ ہونے کے اندیشوں کا اظہار کیا تھا ۔ یہ جوڑا عدالت میں سماعت کے بعد باہر آ رہا تھا کہ کچھ وکلا نے انہیں ڈھکیل دیا اور نشانہ بنایا تاہم کچھ دوسرے وکلا نے ان کا بچاو کیا ۔ کنٹونمنٹ پولیس نے یہ بات بتائی ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ اس جوڑے نے وکلا کے خلاف کوئی شکایت درج نہیں کروائی ہے اور ان پر حملہ سے متعلق اطلاعات بے بنیاد ہیں۔ عدالت نے کچھ ہی دیر قبل حکام کو ہدایت دی تھی کہ ساکشی اور ان کے شوہر کو تحفظ فراہم کیا جائے اور ان کی سکیوریٹی کا خیال رکھا جائے ۔