بی جے پی رکن پارلیمان کی اداکار پرکاش راج سے غیر مشروط معافی

   

شخصی حملوں سے گریز اور اچھی مثال قائم کرنے اداکار کا مشورہ

بنگلورو۔8اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی لوک سبھا میسورو حلقہ کے رکن پرتاپ سمہا نے جمعرات کو متعدد زبانوں کے فلموں میں کام کرنے والے اداکار پرکاش راج کے خلاف جو نہایت ہی بے ہودہ مضمون لکھا تھا اس پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور اسے اپنے ٹوئیٹر سے اور فیس بک سے غیر مشروط طور پر ہٹا لیا ہے ۔ سمہا نے ٹوئیٹ کیا کہ ’’ ڈیر پرکاش راج میں نے آپ کے اور آپ کے خاندان کے خلاف ایک نہایت ہی غیر مہذب مضمون 2اکٹوبر اور 3اکٹوبر 2017ء کو لکھا تھا، تاہم اب میری سمجھ میں آگیا کہ باتیں غیر مطلوبہ اور تکلیف دہ تھیں ۔ اس لئے میں بلا استثنیٰ اس مضمون کو واپس لیتا ہوں اور میں نے فیس بک پر جو کچھ ٹوئیٹ کیا تھا اس پر اظہار تاسف کرتا ہوں ۔ پرکاش راج نے سمہا کی اس پہل کا خیرمقدم کیا اور فوری ٹوئیٹر پر اس کا جواب بھی دیا ۔ پرکاش راج نے کہا کہ بہت بہت شکریہ ۔ میں نے آپ کی معذرت کو قبول کیا ، جہاں تک نظریات کا تعلق ہے ہمارا نظریاتی اختلاف ہوسکتا ہے لیکن ہم کو سوشل میڈیا پر ذاتی حملے اور نازیبا باتیں نہیں لکھنی چاہیئے ، کیونکہ ہم دونوں اپنے اپنے میدان میں کامیاب افراد میں شمار کئے جاتے ہیں ۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایک اچھی مثال قائم کریں ۔