بی جے پی صرف کرسی کی سیاست کررہی ہے

   

پارٹی لیڈر شانتا کمار کا الزام‘موجودہ حالات پر تشویش
شملہ: بی جے پی کے سینئر لیڈر اور ہماچل پردیش کے دو مرتبہ وزیر اعلیٰ رہ چکے شانتا کمار نے اپنی ہی پارٹی کو آئینہ دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پارٹی بھی آج کرسی کی سیاست میں ملوث ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ صرف رام کا مندر تعمیر کرنے سے کام نہیں چلے گا۔ ہمیں ان کے اصولوں پر بھی عمل کرنا ہوگا۔ملک کے موجودہ سیاسی حالات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شانتا کمار نے کہا کہ ہم نے رام مندر تعمیر کیا لیکن صرف رام کا مندر تعمیر کرنے سے کام نہیں چلے گا ہمیں ان کے اصولوں پر بھی عمل کرنا ہوگا۔ کانگڑا سے چار مرتبہ رکن پارلیمنٹ منتخب ہونے والے شانتا کمار نے کہا کہ میں حیران ہوں۔ غلام ہندوستان کی سیاست ملک کے لیے تھی لیکن آزاد ہندوستان کی سیاست کرسی کیلئے ہے!شانتا کمار نے کہا کہ مجھے دکھ ہے کہ میری پارٹی بھی اس لہر میں بہہ گئی۔ اصولوں کی سیاست وقت کا تقاضا ہے اور میں دعا گو ہوں کہ ملک کے رہنما اپنے اقدار پر عمل کریں اور ملک کی سیاست کا معیار بہتر ہو۔ ہماچل پردیش کے بی جے پی کے سینئر قائد نے ملک کے موجودہ حالات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ۔