بی جے پی قائدین کی کے ٹی آر سے ملاقات پر وضاحت طلبی

   

تین رکنی کمیٹی کا قیام، ملاقات پر ہائی کمان کی برہمی
حیدرآباد: بی جے پی قائدین کی کے ٹی راما راؤ سے حالیہ ملاقات کا معاملہ سنگین رخ اختیار کرچکا ہے ۔ پارٹی اعلیٰ کمان نے اس معاملہ کا سخت نوٹ لیتے ہوئے ملاقات کرنے والے قائدین سے وضاحت طلب کی ہے ۔ پارٹی نے تین رکنی کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے اس معاملہ کی جانچ کرنے کی ہدایت دی ۔ گریٹر حیدرآباد کے لنگوجی گوڑہ ڈیویژن کے ضمنی چناؤ میں بی جے پی امیدوار کے متفقہ انتخاب کو یقینی بنانے کیلئے سابق ایم ایل سی رام چندر راؤ کی قیادت میں ایک وفد نے کے ٹی آر سے ملاقات کی تھی ۔ ٹی آر ایس نے بی جے پی کو امیدوار کے خلاف مقابلہ کرنے سے گریز کیا ہے ۔ بی جے پی قائدین کی یہ ملاقات سیاسی حلقوں میں کافی ہلچل پیدا کرچکی ہے اور بی جے پی ہائی کمان نے تین قائدین کو اس معاملہ کی جانچ کی ذمہ داری دی۔ این رام چندر راؤ نے کمیٹی کے روبرو اپنے موقف کی وضاحت کی۔ ان کا کہنا ہے کہ کے ٹی آر سے ملاقات منصوبہ بند نہیں بلکہ محض اتفاق ہے۔ رنگا ریڈی ضلع کے پارٹی صدر اور دیگر قائدین ایل بی نگر کے رکن اسمبلی سدھیر ریڈی سے ملاقات کے خواہاں تھے لیکن انہوں نے ملاقات کیلئے پرگتی بھون مدعو کیا جہاں کے ٹی آر سے اتفاقاً ملاقات ہوگئی ۔ کمیٹی کے ارکان نے ملاقات سے قبل پارٹی قیادت کو لاعلمی میں رکھنے کے بارے میں سوال کیا ۔ انہوں نے پوچھا کہ ریاستی صدر جو حیدرآباد میں موجود تھے، انہیں اطلاع کیوں نہیں دی گئی ۔ تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی ریاستی صدر بی سنجے کو رپورٹ پیش کرے گی اور کور کمیٹی کے اجلاس میں کارروائی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا ۔