بی جے پی قائدین کے لیے منگوڑ اسمبلی ضمنی انتخابات اہمیت کے حامل

   

مختلف قائدین انچارج بننے کے خواہاں ، امیت شاہ کے جلسہ کی تیاریاں
حیدرآباد۔19 ۔اگسٹ(سیاست نیوز) منگوڑ ضمنی انتخابات تلنگانہ راشٹرسمیتی یا بھارتیہ جنتا پارٹی کے لئے ہی اہمیت کے حامل نہیں رہ گئے ہیں بلکہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قائدین کے لئے کافی اہمیت کے حامل ہوتے جا رہے ہیں کیونکہ پارٹی قائدین ضمنی انتخابات کے انچارج کے طور پر اپنی نامزدگی کے متعلق پرامید ہیں اور پارٹی کے سرکردہ قائدین جو اس دوڑ میں شامل ہیں ان میں سابق رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی ‘ رکن اسمبلی حضور آباد ایٹالہ راجندر ‘ رکن بی جے پی قومی عاملہ جی ویویک اور دیگر شامل ہیں۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ 21 اگسٹ کو منگوڑ میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کے جلسہ عام کے بعد ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں انچارج کا اعلان کیا جائے گا اور انچارج کو انتخابات کے تمام امورکی ذمہ داری تفویض کردی جائے گی۔ حلقہ جات اسمبلی دوباک اور حضور آباد میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے ضمنی انتخابات میں جو کامیابی حاصل کی ہے ‘دونوں ہی حلقہ جات میں سابق رکن پارلیمنٹ جتیندرریڈی انچارج رہے ہیں اور دونوں ہی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدواروں کو کامیابی حاصل ہوئی تھی لیکن اب حضور آباد رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر پر بھی پارٹی کی نگاہیں مرکوز ہیں کیونکہ ایٹالہ راجندر تلنگانہ راشٹرسمیتی سربراہ کے قریبی رفقاء میں شامل رہے ہیں اور وہ ان کی حکمت عملی کو اچھی طرح جاننے کے علاوہ اس کا مقابلہ کرنے کے موقف میں ہیں۔ علاوہ ازیں یہ کہا جا رہاہے کہ ایٹالہ راجندر کا سسرالی موضع منگوڈ حلقہ اسمبلی میں آتا ہے اسی لئے پارٹی کی جانب سے انہیں منگوڑ ضمنی انتخابات کا انچارج بنائے جانے کے بارے میں غور کر رہی ہے۔ جی ویویک جو کہ کومٹ ریڈی برادران کے قریبی رفیق ہیں اور کانگریس کے دورسے ہی ویویک اور کومٹ ریڈی برادران کے قریبی تعلقات رہے ہیں اسی لئے انہیں بھی ضمنی انتخابات کی ذمہ داری تفویض کئے جانے کی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں اور کہا جا رہاہے کہ ایٹالہ راجندر اور جتیندر ریڈی سے زیادہ جی ویویک کو ضمنی انتخابات میں انچارج بنائے جانے کا فائدہ حاصل ہوسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے حلقہ اسمبلی منگوڑ سے مقابلہ کرنے والے بی جے پی قائد منوہر ریڈی کو بھی ضمنی انتخابات میں انچارج بنائے جانے کا امکان ہے لیکن کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی سے بھی انچارج کی نامزدگی سے قبل مشاورت کئے جانے کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی قائدین کی جانب سے حلقہ اسمبلی منگوڑ کے ضمنی انتخابات کے سلسلہ میں 21اگسٹ کو مرکزی وزیر داخلہ کے جلسہ عام کے بعد اجلاس منعقد کرتے ہوئے قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔م