لڑکی کو ہراساں کرنے کا شاخسانہ ، کارپوریٹر کا بیٹا جیل منتقل
حیدرآباد 4 مئی (سیاست نیوز) محبت کے لئے لڑکی پر دباؤ ڈالنے والے ایک بی جے پی قائد کے خلاف نربھئے کیس درج کرلیا گیا۔ پولیس نے بعد تحقیقات بی جے وائی ایم کے مقامی لیڈر مکیش یادو کو گرفتار کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا۔ بتایا جاتا ہے کہ میرپیٹ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ گرفتار لیڈر جلیل گوڑہ علاقہ سے وابستہ کارپوریٹر کا بیٹا بتایا گیا ہے جو 15 سال کمسن لڑکی کو شدید ہراساں کررہا تھا۔ محبت کرنے کے لئے اس پر دباؤ ڈال رہا تھا۔ مسلسل فون کرتے ہوئے اس لڑکی پر دباؤ ڈال رہا تھا۔ فون کے علاوہ مسیجس کرتے ہوئے لڑکی کا جینا مشکل کردیا۔ گزشتہ روز اس نے لڑکی کا تعاقب کیا جب وہ علاقہ کی کرانہ دوکان پہنچی اور لڑکی کا راستہ روک کر اس پر محبت کرنے کے لیے دباؤ ڈالا اور وارننگ دیتے ہوئے محبت سے انکار پر جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ خوف کا شکار لڑکی نے جب سارا واقعہ والدین سے بیان کیا تو لڑکی کے والدین نے پولیس سے شکایت کردی۔ع