بی جے پی قومی صدر امیت شاہ کو سوائن فلو کا مرض ، دواخانہ میں شریک

,

   

بی جے پی قومی صدر امت شاہ کو اچانک بدھ کی رات تقریباً 9.30 بجے دہلی واقع ایمس اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ سوائن فلو کے شکار ہو گئے ہیں اور سینے میں درد کے بعد انھیں داخل اسپتال کیا گیا۔ اپنی بیماری کی خبر امت شاہ نے خود ٹوئٹ کر کے دی اور ساتھ ہی جلد صحت یاب ہونے کی امیدیں بھی ظاہر کیں۔ خرابیٔ صحت کی وجہ سے 18 جنوری کو ہونے والا امت شاہ کا اڈیشہ دورہ بھی رَد کیے جانے کی خبریں آ رہی ہیں۔ مرکزی وزیر صحت جے پی نڈّا آج (17 جنوری) بی جے پی صدر کی خیریت دریافت کرنے کسی بھی وقت ایمس پہنچ سکتے ہیں۔

خبروں کے مطابق امت شاہ کو گزشتہ دو دن سے جسم میں اور سینے میں تکلیف تھی اور سانس لینے میں بھی پریشانی ہو رہی تھی۔ ڈاکٹروں کی ٹیم نے ان کی جانچ کرائی۔ سبھی جانچ صحیح آنے کے بعد ان کا ایچ1این1 ٹیسٹ کیا گیا۔ بدھ کی شام اس ٹیسٹ کی رپورٹ پازیٹو آنے کے بعد انھیں فوراً ایمس میں داخل ہونے کی صلاح دی گئی تھی جس کے بعد انھیں رات تقریباً 9.30 بجے ایمس میں داخل کرا دیا گیا۔

بتایا جا رہا ہے کہ ایمس کے ڈاکٹر رندیپ گلیریا کی نگرانی میں امت شاہ کا علاج ہو رہا ہے۔ انھیں ایمس کے وی وی آئی پی وارڈ 301 میں رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ پروٹوکول اور بیماری کے مدنظر انھیں فی الحال ’آئیسولیشن‘ میں رکھا گیا ہے۔ اس درمیان مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ان کی خیریت لی اور ان کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا بھی کی۔