مرکزی فنڈز کی راہ میں رکاوٹ، ڈاکٹر ملو روی کا الزام
حیدرآباد۔/14 جنوری، ( سیاست نیوز) نائب صدر پردیش کانگریس کمیٹی ڈاکٹر ملوروی نے بی جے پی لیڈر پربھاکر کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو دہلی کے سب سروینٹ قرار دینے کی مذمت کی اور اسے غیر دستوری قرار دیا۔ ڈاکٹر ملو روی نے کہا کہ بی جے پی لیڈر پربھاکر کو اپنے غیرذمہ دارانہ بیان کیلئے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے معذرت خواہی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی ذاتی مقاصد کیلئے نئی دہلی کا دورہ نہیں کررہے ہیں بلکہ ریاست کے زیر التواء کاموں کی یکسوئی کیلئے دہلی کا دورہ کرتے ہیں۔ مرکز سے تلنگانہ کو حاصل ہونے والے فنڈز کے لئے ریونت ریڈی نے وزیر اعظم اور مرکزی وزراء سے نمائندگی کی۔ گذشتہ دس برسوں میں کے سی آر نے مرکز سے فنڈز کے حصول کی مساعی نہیں کی۔ ریونت ریڈی نے وزیر اعظم نریندر مودی کے علاوہ وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ کے علاوہ فینانس، برقی اور دیگر وزراء سے ملاقات کی۔ انہوں نے یونین پبلک سرویس کمیشن کے صدرنشین سے بھی نمائندگی کی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی 6 ضمانتوں میں سے دو پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ ایسے مرحلہ میں بی جے پی مرکزی فنڈز کی راہ میں رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے بی جے پی قائدین کو سیاسی مقصد براری سے گریز کا مشورہ دیا۔1