کولکتہ : نیتا جی سبھاش چندر بوس کے پوتے اوربھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما چندر کمار بوس نے پارٹی قیادت کی طرف سے مبینہ طور پر نظر انداز کیے جانے کی وجہ سے پارٹی چھوڑ دی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ تنظیم صحیح سمت میں نہیں جا رہی ہے ۔ بوس 2016 میں مغربی بنگال میں بی جے پی کے نائب صدر تھے اور انہیں 2020 میں ہٹا دیا گیا تھا۔ انہوں نے بی جے پی کے ٹکٹ پر کئی انتخابی لڑائیاں بھی لڑیں لیکن ہر بار ہار گئے تھے ۔بدھ کو اپنا عہدہ چھوڑنے کے بعد انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ انہیں سبھاش چندر بوس کے نظریہ کو پھیلانے کے لئے مرکز یا ریاستی سطح پر پارٹی کی طرف سے کوئی تعاون نہیں ملا۔ انہوں نے پارٹی چھوڑنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے ساتھ رہنے کے منفی اثر پڑا۔انہوں نے الزام لگایا کہ وہ موجودہ حالات میںپارٹی کے ساتھ کام نہیں کر سکتے اورپولرائزیشن، ووٹ بینک کی سیاست اور تقسیم کی سیاست نے مغربی بنگال میں پارٹی کے امکانات کو تباہ کر دیا ہے ۔