بریلی: اترپردیش کے ضلع بریلی میں بی جے پی یوا مورچہ کے ایک ذمہ دار نے نگر نگم الیکشن کے دوران ہوئے تنازعہ کے حوالے سے تھانہ بارا دری میں دس افراد کے خلاف جان لیوا حملہ اور دھمکی دینے کا مقدمہ درج کرایا ہے ۔پولیس ذرائع نے چہارشنبہ کو بتایا کہ بی جے پی یوا مورچہ کے ضلع میڈیا انچارج سورج رٹھور نے تھانہ بارادری میں تقریبا 10افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے ۔ انہوں نے اپنی تحریر میں کہا ہے کہ 11مئی کو وہ ووٹنگ کرنے کے بعد پنڈٹ دیناناتھ اسکول کے سامنے پارک میں اکیلے بیٹھے تھے کہ تبھی دھرمیندر اٹھور عرف رنکو ولد پپو گردھاری، انل ولد خوب چند، سمر سنگھ، رنکو اور 5۔6نامعلوم افراد ان کے پاس آئے اور گالیاں دیتے ہوئے فورا وہاں سے انہیں چلے جانے کو کہا۔ وجہ پوچھنے پر مارپیٹ پر آمادہ ہوگئے اور دھمکی دی کہ بریلی چھوڑ کر بھاگ جاؤ ورنہ جان سے مار دونگا۔ تحریر میں کہا گیا ہے کہ وہاں پر موجود لوگوں نے مداخلت کی اس درمیان عرضی گذار وہاں سے بھاگ کر جان بچائی۔ تحریر میں لکھا ہے کہ عرضی گزار کو لگاتار ڈرایا دھمکایا جارہا ہے ۔
