پٹنہ ۔ 5 جولائی (ایجنسیز) بہار کے مشہور تاجر اور بی جے پی کے لیڈر گوپال کھیمکا کو بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ یہ واقعہ ریاستی دارالحکومت پٹنہ میں پیش آیا، جہاں ان کے گھر کے قریب واقع ایک ہوٹل کے سامنے نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات قریب آنے کے دوران پیش آئے اس واقعہ سے سیاسی حلقوں میں شدید ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔ گوپال کھیمکا ’مگدھ ہاسپٹل‘ کے مالک تھے، جو بہار کے قدیم پرائیویٹ ہاسپٹل میں شمار ہوتا ہے۔ یہ واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے اپارٹمنٹ کے قریب واقع ایک ہوٹل سے واپس آ رہے تھے۔ اس دوران نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور تفتیش کا آغاز کر دیا۔