بی جے پی میں ترجیح نہ دئے جانے پر وجئے شانتی ناراض

   

خدمات سے استفادہ نہ کیا گیا تو مجھے کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ سابق رکن پارلیمنٹ کا بیان

حیدرآباد 18 اگسٹ ( سیاست نیوز ) بی جے پی میں داخلی اختلافات اب ایک بار پھر نمایاں ہونے لگے ہیں جب معروف تلگو اداکار و سابق رکن پارلیمنٹ وجئے شانتی نے پارٹی میں انہیں ترجیح نہ دئے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ وجئے شانتی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جس وقت چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ رکن پارلیمنٹ تھے اس وقت انہوں نے ان کے ساتھ کام کیا تھا ۔ علیحدہ تلنگانہ کیلئے پارلیمنٹ میں جدوجہد کی تھی ۔ انہوں نے ہمیشہ ہی عوامی مسائل کیلئے جدوجہد میں خود کو آگے رکھا ہے ۔ وجئے شانتی نے کہا کہ انہیں یقین تھا کہ پارٹی ان کی خدمات سے استفادہ کرے گی ۔ اگر عوام کا یہ احساس ہے کہ ان کی خدمات عوام کیلئے فائدہ مند ہوسکتی ہیں تو یقینی طور پر اس سے پارٹی کو بھی فائدہ ہوتا ۔ وجئے شانتی نے 2020 میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی پارٹی میں سبھی کو مساوی ذمہ داریوں کے ساتھ کام کرنا چاہئے اور پارٹی سرگرمیوں میں قائدین کو شامل کرنے کو ترجیح دی جانی چاہئے ۔ اس سوال پر کہ آیا وہ بی جے پی میں نظر انداز کئے جانے سے ناخوش ہیں وجئے شانتی نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتیں کہ ایسا کچھ ہے ۔ اگر ایسا ہے بھی تو پارٹی قیادت کو یہ مسئلہ حل کرنے کی ضرورت ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہئے کہ پارٹی میں سبھی کو خوش رکھا جائے ۔ اس سوال پر کہ بی جے پی قومی عاملہ رکن بنائے جانے کے باوجود انہیں ریاست میں کوئی ذمہ داری کیوں نہیں دی گئی وجئے شانتی نے کہا کہ یہ سوال بنڈی سنجے سے پوچھا جانا چاہئے کہ انہیں کیوں نہیں کوئی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ اس سوال پر کہ پارٹی ان کی خدمات سے استفادہ کیوں نہیں کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ اگر ان کی خدمات نہ بھی لی جائیں تب بھی انہیں ( وجئے شانتی کو ) کوئی فرق نہیں پڑے گا ۔ پارٹی کو چاہئے کہ وہ سبھی کی صلاحیتوں سے استفادہ کرے اور یہی صورتحال پارٹی کیلئے فائدہ بخش ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ احساس ہے کہ پارٹی میں ایسا نہیں ہوگا ۔ وجئے شانتی نے یہ واضح کیا کہ وہ اس تعلق سے پارٹی قیادت سے کوئی درخواست نہیںکریں گی ۔ سب کو مل کر تلنگانہ کی بہتری کیلئے کام کرنا چاہئے ۔ اسکے علاوہ منگوڑ ضمنی انتخاب کسی بھی وقت ہوسکتا ہے ۔ پارٹی کو بہرصورت کامیابی حاصل کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت پر توجہ کی ضرورت ہے ۔