بی جے پی میں شامل ہونے کا ارادہ نہیں

,

   

جئے پور: سچن پائلٹ نے ڈپٹی چیف منسٹر راجستھان کی حیثیت سے کانگریس پارٹی کی جانب سے برطرف کئے جانے کے ایک روز بعد چہارشنبہ کو واضح کردیا کہ بی جے پی میں شمولیت کا وہ کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔ پائلٹ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر بھی تھے۔ انہیں اس عہدہ سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔ اشوک گہلوٹ زیرقیادت کانگریس حکومت کا الزام ہیکہ باغی پائلٹ چند حامی ایم ایل ایز کو لیکر سیاسی حکومت گرانے کی کوشش کررہے ہیں۔ تاہم گہلوٹ نے دو روز سی ایل پی میٹنگ منعقد کرتے ہوئے ثابت کیا کہ انہیں حکومت چلانے کیلئے درکار عددی طاقت بدستور حاصل ہے۔ اس دوران کانگریس کے ذرائع نے بتایا کہ پارٹی ہائی کمان پائلٹ کو اب بھی مہلت دینے تیار ہے بشرطیکہ وہ اپنے ارادے پوری طرح واضح کردیں۔ پائلٹ اور ان کے حامی ایم ایل ایز جئے پور سے دور ریزارٹ میں مقیم ہیں۔ کانگریس نے کہا ہیکہ وہ جئے پور لوٹ آئیں اور اپنا موقف واضح کریں۔ کانگریس کی طرف سے یہ نرمی پائلٹ کے اس بیان کے تناظر میں ہیکہ وہ بی جے پی میں شامل نہیں ہورہے ہیں۔