بی جے پی میں شمولیت خارج از بحث

   

کانگریس ایم پی ریونت ریڈی کی وضاحت
حیدرآباد۔16 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے بی جے پی میں شمولیت سے متعلق اطلاعات کو مسترد کردیا۔ ریونت ریڈی نے افراد خاندان کے ساتھ تروملا تروپتی دیوستھانم میں خصوصی پوجا کی ۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی سے مجھے کیا کام ہے۔ وہاں نریندر مودی موجود ہیں۔ ان کی موجودگی میں بی جے پی شامل کرتے ہوئے وہ وزیراعظم نہیں بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی میں صرف ایسے افراد ہی شامل ہوسکتے ہیں جنہیں کوئی دماغ نہیں۔ مجھے بی جے پی میں شمولیت سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ عوام نے مجھے اپنے مسائل کے سلسلہ میں آواز اٹھانے کیلئے پارلیمنٹ بھیجا ہے۔ عوام نے جس مقصد سے مجھے پارلیمنٹ کیلئے منتخب کیا ہے ، اسے فراموش کرتے ہوئے میں دوسرا راستہ کیوں اختیار کروں گا ؟ انہوں نے میڈیا سے خواہش کی کہ وہ مستقبل میں بھی اس طرح کی اطلاعات پر بھروسہ نہ کریں۔ عوام نے مجھے جو ذمہ داری دی ہے ، میں اس کی حتی المقدور تکمیل کروں گا۔ پارلیمنٹ میں کامیابی کے بعد ریونت ریڈی پہلی مرتبہ تروپتی کے درشن کیلئے پہنچے۔