بی جے پی نوٹ کے بدلے ووٹ خرید رہی ہے: ممتا

   

ٹی ایم سی ’’این پی آر‘‘ پر عمل کی اجازت نہیں دیگی

کولکتہ: چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ اسمبلی انتخابات میں نوٹ کے بدلے ووٹ خریدنے کی کوشش کررہی ہے۔ رائے دہندوں کو رجھاتے ہوئے ووٹ لوٹنے کی کوشش کررہی ہے۔ انتخابی مہم کے دوران بی جے پی کے کئی قائدین رائے دہندوں کو نوٹ دکھاکر ووٹ مانگ رہے ہیں۔ ممتا بنرجی نے مدنا پور کے پشچم علاقے میں انتخابی ریالی سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی قائدین یہاں مہم چلانے کے لیے ہیلی کاپٹروں اور طیاروں میں آرہے ہیں اور اپنے ساتھ نوٹوں کے بنڈل بھی لارہے ہیں جنہیں رائے دہندوں میں تقسیم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے مغربی بنگال کے طوفان افوان کے دوران راحت کاری میں حکومت کی کوتاہیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ طوفان سے متاثرہ علاقوں میں ہزاروں کروڑ روپئے خرچ کئے گئے۔ ٹی ایم سی حکومت نے متاثرین کو ہر ممکنہ مدد پہنچائی ہے لیکن ہم ایک طرف متاثرہ افراد کی مدد کررہے تھے تو دوسری طرف دوسرے متاثرین حکومت کی امداد سے محروم رہے۔ ٹی ایم سی سربراہ نے رائے دہندوں کو تیقن دیا کہ اگر انہیں دوبارہ اقتدار کے لیے ووٹ دیا گیا تو وہ ریاست میں قومی آبادی رجسٹر این پی آر پر عمل آوری کی ہرگز اجازت نہیں دیں گی۔ اگر بی جے پی کو ووٹ دیا گیا تو بی جے پی کی حکومت فہرست رائے دہندگان سے آپ کے ناموں کو نکال کر آپ کو شہریت سے محروم کردے گی اور ملک بدر کردے گی۔ لیکن ہم آئیں گے تو بی جے پی کی مرکزی حکومت کو ایسا کرنے نہیں دیں گے اور نہ ہی کسی بھی خاندان کے ایک بھی فرد کو شہریت سے محروم رکھیں گے۔ اسی دوران اسمبلی انتخابات کے لیے ٹی ایم سی نے اپنا منشور بھی جاری کیا تھا جس میں عوام کے لیے کئی اسکیمات کا اعلان کیا گیا ہے۔