بی جے پی نے پنجابیوں کی توہین کی:کجریوال

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عاپ) کے کنوینر اروند کجریوال نے بی جے پی کی جانب سے دہلی کے اندر پنجاب کی گاڑیوں میں سفر کرنے والے لوگوں کو یوم جمہوریہ پر خطرہ بتائے جا نے پر کہا کہ بی جے پی نے سبھی پنجابیوں کی توہین کی ہے ۔ کجریوال نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈر پرویش ورما نے کہا ہے کہ یوم جمہوریہ پر پنجابی ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ کیا سارے پنجابی دہشت گرد اور غدار ہیں؟ دہلی میں رہنے والے لاکھوں پنجابیوں کے خاندانوں اور آباؤ اجداد نے ملک کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور اذیتیں برداشت کی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈر آج جو کچھ بھی کہہ رہے ہیں، وہ پنجابیوں کی شہادت اور قربانی کی توہین کررہے ہیں۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی کو اس کیلئے تمام پنجابیوں سے معافی مانگنی چاہیے ۔کجریوال نے سوشل میڈیا پر کہا کہ دہلی میں لاکھوں پنجابی رہتے ہیں، جن کے خاندانوں اور ان کے آباؤ اجداد نے ملک کیلئے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ دہلی میں لاکھوں پنجابی مہاجرین بھی رہتے ہیں، جو تقسیم کے مشکل وقت میں سب کچھ چھوڑ کر دہلی آئے تھے ۔ ان کے خاندان نے بھی ان گنت اذیتیں برداشت کی ہیں۔ بی جے پی کے لیڈر آج جو کچھ بھی کہہ رہے ہیں، وہ ان کی شہادت اور قربانی کی توہین کررہے ہیں۔