’’ہم دوباک اور حضورآباد میں دھوکہ کھا چکے ہیں، آپ نہ کھائیں‘‘۔ سیاسی حلقوں میں ہلچل
حیدرآباد ۔ 15 اکٹوبر (سیاست نیوز) اسمبلی حلقہ منوگوڑ میں بی جے پی کے امیدوار کو کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کے خلاف پوسٹرس لگانے سے سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے۔ اسمبلی حلقہ دوباک اور حضورآباد کے عوام کی جانب سے یہ پوسٹرس منوگوڑ کے تمام منڈلوں میں چسپاں کئے گئے ہیں۔ پوسٹرس پر تحریر کیا گیا ہیکہ ہم بی جے پی کی چکنی چپاٹی باتوں سے متاثر ہوکر دھوکہ کھاچکے ہیں۔ بی جے پی پر بھروسہ کرتے ہوئے این راگھونندن راؤ اور ایٹالہ راجندر کو کامیاب بنایا ہے۔ تاہم ان دونوں نے کامیابی کے بعد حلقوں کی ترقی کیلئے کوئی کام نہیں کیا ہے اور نہ ہی ہم سے رابطے میں ہیں۔ اب یہی بی جے پی اور یہی بی جے پی کے قائدین اسمبلی حلقہ منوگوڑ کے ضمنی انتخاب میں سرگرم اور ہمیں جس طرح دھوکہ دیا گیا ہے۔ وہی دھوکہ آپ کو دے رہے ہیں۔ ہتھیلی میں جنت دکھارہے ہیں۔ ان کی باتوں پر بھروسہ نہ کریں۔ جس طرح ہم دھوکہ کھاچکے ہیں، آپ دھوکہ نہ کھائیں۔ 18 ہزار کروڑ روپئے کا کنٹراکٹ ملنے کے بعد کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کانگریس اور اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہوچکے ہیں۔ فائدہ بی جے پی کے قائدین کو ہورہا ہے اور وہ عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں۔ اس لئے ہم آپ سے اپیل کررہے ہیں بی جے پی پر بھروسہ کرتے ہوئے ہماری طرح دھوکہ نہ کھائے۔ن